شمالی کوریا نے کہاہے کہ اس کا جوہری تجربہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے جبکہ اس نے جنوبی کوریا پر اشتعال انگیز کارروائیوں کا الزام لگایا۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے یہ بیان ہفتے کے روز دیتے ہوئے کہاکہ جنوبی کوریا ان کے ملک پر پابندیوں میں اضافے کے لیے الزامات کا ڈھول پیٹ رہاہے۔
اپریل میں سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصویروں سے شمالی کوریا کے جوہری مقامات پر سرگرمیوں کی نشان دہی ہوئی تھی اور اسی مہینے پیانگ یانگ نے طویل فاصلے تک مارکرنے والے راکٹ کا تجربہ کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔
شمالی کوریا کا کہناہے کہ وہ اس راکٹ کے ذریعے زمین کے مدار میں اپنا ایک سیٹلائٹ پہنچانے کا تجربہ کررہاتھا، لیکن مغربی ممالک کا الزام ہے کہ درحقیقت وہ ایک میزائل تجربہ تھا، جس سے اقوام متحدہ کی ان پابندیوں کی خلاف ورزی ہوئی تھی، جو ایک مخصوص میزائل ٹیکنالوجی پر عائد ہیں۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے جمعرات کو کہا کہ وہ گذشتہ کئی ہفتوں کے دوران اپنے ملک کی فضائی حدود کے قریب شمالی کوریا کے جیٹ طیاروں کے حملوں کے متعدد واقعات کے بعد ان کی سرگرمیوں پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں