جنوبی کوریا کے عہدے داروں نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ شمالی کوریا کی افواج نے رواں ہفتے کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے تین تجربات کیے ہیں۔
وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ سیول بدھ کو کیے گئے تجربات سے آگاہ ہے، جن کے بارے میں پہلی خبر ایک جاپانی اخبار ’سنکائی شِمبون‘ نے دی تھی۔
اخباری رپورٹ میں خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ شمالی کوریا نے زمین سے زمین پر 120 کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی اہلیت رکھنے والے ’کے این10-‘ نامی میزائلوں کے تجربات کیے تھے۔
مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ تجربات شمالی کوریا کے میزائلوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے معمول کے عمل کا حصہ تھے اور بظاہر ان کا مقصد پڑوسی ممالک کو کوئی سخت پیغام دینا نہیں تھا۔