پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا تعلق کشمیری خاندان سے تھا جو 1950ء میں صوبہٴ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیدا ہوئیں۔
وہ ڈاکٹر محمد حفیظ کی بیٹی اور ماضی کے مشہور پہلوان گاما پہلوان کی پوتی تھیں۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم ’مدرسہ البنات‘، لاہور لیڈی گریفن اسکول سے حاصل کی۔ کلثوم نواز نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان اسلامیہ کالج سے جب کہ گریجوایشن فارمین کرسچن کالج لاہور سے کی اور ایم اے جامعہ پنجاب سے اُردو ادب میں کیا۔
دوران تعلیم ہی کلثوم نواز کا رشتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے طے ہو گیا اور شادی سنہ 1971ء میں ہوئی۔
نواز شریف جب سیاست میں آئے تو کلثوم نواز کو عملی سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ لیکن سابق ڈکٹیٹر جنرل (ر) پرویز مشرف کے مارشل لاء نے انہیں سیاست میں آنے پر مجبور کر دیا۔ جب 1999ء میں پرویز مشرف نے نواز شریف کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں جیل بھیجا تو نواز شریف کی رہائی کی مہم چلانے کے لئے کلثوم نواز سیاسی میدان میں آئیں۔
نواز شریف کی گرفتاری کے خلاف جو جولائی سنہ 2000 میں لاہور میں نکالی گئی ریلی کے دوران سے پنجاب پولیس نے کلثوم نواز کی گاڑی کو کرین کی مدد سے اٹھا کر مال روڈ پر واقع ’جی او آر ون‘ پہنچا دیا، جہاں انہیں نظر بند کر دیا گیا۔ بیگم کلثوم نواز سنہ 1999 سے سنہ 2002 تک مسلم لیگ ن کی قائم مقام صدر رہیں۔
پاناما کیس میں عدالتی فیصلے پر نواز شریف کی نااہلی کے بعد بیگم کلثوم نواز نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 سے ضمنی انتخاب لڑا۔ انتخابات سے قبل ہی گزشتہ سال جون سنہ 2017 میں بیماری کے باعث کلثوم نواز کو لندن منتقل کر دیا گیا اور وہ ان کی انتخابی مہم ان کی بیٹی مریم نواز نے چلائی اور وہ کامیاب بھی ہوئیں۔ کلثوم نواز اپنی بیماری کے باعث قومی اسمبلی کا حلف نہ لے سکیں۔
لندن میں دوران علاج ڈاکٹروں نے کلثوم نواز کو گلے کے سرطان کی تشخیص کی جس کی متعدد بار عمل جراحی اور کیموتھراپی ہوئی۔ اس دوران، ان کی طبعیت کئی مرتبہ بگڑی۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق، کلثوم نواز کے بیٹے حسن نواز کا برطانیہ میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اپنی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی۔ انتقال کے وقت کلثوم نواز کی عمر 68 سال تھی۔
کلثوم نواز تین مرتبہ پاکستان کی خاتون اوّل رہیں۔ وہ پہلی مرتبہ سنہ 1990ء، دوسری مرتبہ سنہ 1997ء اور تیسری مرتبہ سنہ 2013ء میں خاتون اوّل بنیں۔ انہیں ادب اور شاعری سے لگاؤ تھا۔ وہ اکثر ملکی معاملات چلانے میں اپنے شوہر سابق وزیر اعظم پاکستان کی ہمت بندھایا کرتی تھیں۔ کلثوم نواز کے چار بچے مریم، اسماء، حسن اور حسین ہیں۔