کویت کے وزیرِاعظم کے خلاف ملکی پارلیمان میں پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد ناکام ہوگئی ہے۔ تحریک کی وجہ وزیرِاعظم پر لگنے والے یہ الزامات تھے کہ انہوں نے خطے کے دیگر ممالک کو نظر انداز کرتے ہوئے کویت کے ایران کے ساتھ تعلقات کی حمایت کی ہے۔
جمعرات کے روز تحریک پر پارلیمان میں ہونے والی رائے شماری کے دوران 25 ارکان نے وزیرِاعظم شیخ ناصر محمد الاحمد الصباح کی حمایت میں ووٹ دیا جبکہ 18 دیگر ان کے خلاف تھے۔
کویتی وزیرِاعظم کے خلاف رواں برس ناکام ہونے والی عدم اعتماد کی یہ دوسری تحریک ہے۔ اس سے قبل پارلیمان نے جنوری میں ایک ایسی ہی قرارداد ووٹوں کے معمولی فرق سے مسترد کردی تھی۔
واضح رہے کہ وزیرِاعظم کویت کے موجودہ امیر کے بھتیجے ہیں۔