امریکہ میں ہر سال ستمبر کی پہلی پیر کو مزدوروں کا دن منایا جاتا ہے۔ اس روز مزدوروں اور قومی معیشت میں اُن کے اہم کردار کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ اس دن امریکہ بھر میں سرکاری تعطیل ہوتی ہے۔
مزدوروں کے دن کو لیبر یونینوں کی جدوجہد کے نتیجے میں 1884 میں سرکاری تعطیل قرار دیا گیا تھا۔ اوریگا ن پہلی ریاست تھی جس نے اس دن سرکاری طور پر تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ کے لیبر ڈپارٹمنٹ کی سابق مؤرخ لنڈا سٹنسن کہتی ہیں کہ اوریگان کے بعد نیو یارک، نیو جرسی اور کولوراڈو نے بھی ستمبر کی پہلی پیر کو سرکاری چھٹی قرار دینے کا اعلان کر دیا۔ بعد اذیں لگ بھگ 30 مزید امریکی ریاستوں نے بھی اس فیصلے کی تقلید کی۔
1893 میں سنیٹر جیمز کائل نے امریکی سنیٹ میں ایک قرارداد پیش کی جس نے جلد ہی سنیٹ کے علاوہ ایوان نمائیندگان میں بھی منظوری حاصل کر لی ۔ اس کے نتیجے میں مزدوروں کے اس دن کو تما م تر امریکہ میں سرکاری چھٹی قرار دے دیا گیا۔ 28 جون، 1894 کو اُس وقت کے امریکی صدر گروور کلیولینڈ نے اس بل پر دستخط کر دئے جس کی رو سے یہ قانون بن گیا۔ تاہم اس بل پر دستخط کرنے سے پہلے مسلسل چھ روز تک شکاگو میں مزدوروں کے مظاہروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی جس کے دوران بہت سے ہڑتالی مزدور وفاقی فوجیوں اور مارشلز کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ بالآخر صدر کلیولینڈ کو اس بل پر دستخط کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
اُس کے بعد سے مسلسل کئی دہائیوں تک اس دن امریکہ کے مختلف شہروں میں پریڈ منعقد کی جاتی رہی ہے جس کا مقصد ایسی فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے کام کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا جن میں باقاعدہ یونینیں موجود ہیں۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ٹیکنالوجی کے فروغ پانے اور معاشی شعبے میں عالمگیریت کے رجحان کے باعث مزدور یونینوں کے ارکان کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ تاہم مزدوروں کے حقوق اور مراعات کے نتیجے میں اُنہیں جو فوائد حاصل ہوئے وہ اب کام کی جگہوں پر روایتی حیثیت اختیار کر چکے ہیں جن میں آجروں کی طرف سے مزدوروں کو ہفتے میں پانچ دن کام، صحت کا بیمہ اور تنخواہ کے ساتھ چھٹیوں کی سہولتیں خاص طور پر شامل ہیں۔
آجکل کے دور میں بہت سے محنت کش مقامی، ریاستی یا وفاقی حکومتوں کیلئے سفید پوش تنخواہ دار ملازمین کی حیثیت سے کام کرنے لگے ہیں تاہم وہ مزدور یونینوں کی رکنیت بھی رکھتے ہیں۔ یہ صورت حال اُس وقت سے یکسر مختلف ہے جب محنت کشوں کی تحریک کے آغاز میں زیادہ تر محنت کش فیکٹریوں میں کام کرتے تھے۔
مزدوروں کا دن اب امریکہ میں موسم گرما کے غیر سرکاری طور پر اختتام کے دن سے بھی منسوب کیا جانے لگا ہے۔مزدوروں کے دن اسکولوں میں چھٹیاں بھی ختم ہو جاتی ہیں اور وہ اگلے روز سے کھل جاتے ہیں۔