رسائی کے لنکس

نائیجیریا: سکول کی عمارت گرنے سے 100 بچے ملبے میں دب گئے


لاگوس میں سکول کی مہندم ہونے والی عمارت سے بچوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ 13 مارچ 2019
لاگوس میں سکول کی مہندم ہونے والی عمارت سے بچوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ 13 مارچ 2019

نائیجیریا کے تجارتی مرکز لاگوس میں بدھ کے روز ایک پرائمری سکول کی عمارت گرنے سے خدشہ ہے کہ ایک سو کے لگ بھگ بچے اس میں پھنس گئے ہیں۔

خبررساں ادارے رائیٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک دس سالہ بچے کو ملبے کے ڈھیر سے نکال لیا گیا ہے۔ مٹی سے لت پت اس بچے کے جسم پر بظاہر کسی زخم کا نشان نہیں تھا۔

امدادی کارروائیوں میں مصروف کارکن ملبہ ہٹا رہے ہیں اور موقع پر ہزاروں لوگ جمع ہیں۔

ہنگامی صورت حال سے متعلق قومی ادارے کے ترجمان ابراہیمی فارنلوئے نے میڈیا کو بتایا کہ عمارت کے ملبے میں بچوں سمیت بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔

علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی تیسری منزل پر قائم سکول میں تقریباً ایک سو بچے موجود تھے۔

جائے حادثہ پر موجود لوگوں میں اضطراب، پریشانی اور برہمی تھی اور ان میں سے کئی اپنے بچوں کی خیریت کے حوالے سے پریشان تھے۔

گرنے والی عمارت لاگوس کے مرکزی علاقےعطافاجی میں تھی۔

نائیجیریا میں عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں جن کی وجہ تعمیر میں غیر معیاری اور گھٹیا چیزوں کا استعمال اور تعمیراتی قواعد پر عمل نہ کرنا ہے۔

سن 2016 میں نائیجیریا کے جنوب مشرقی علاقے میں ایک گرجا گھر کی عمارت گرنے سے ایک سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی سال نائیجیریا ہی میں ایک زیر تعمیر عمارت گرنے سے کم ازکم 30 افراد مارے گئے تھے۔

2016 میں ہی سیلابی ریلوں سے لاگوس میں ایک سکول کی عمارت منہدم ہو گئی تھی تاہم طالب علم محفوظ رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG