رسائی کے لنکس

  امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کا  خطے میں سیمی کنڈکٹرز سمیت پیداوار بڑھانے پر اتفاق


میکسیکوسٹی میں امریکہ، کینیڈا اور میکیسیکو کے رہنما سہ فریقی ملاقات کے موقع پر
میکسیکوسٹی میں امریکہ، کینیڈا اور میکیسیکو کے رہنما سہ فریقی ملاقات کے موقع پر

کینیڈا ، میکسیکو اور امریکہ کے رہنماوں نے میکسیکو سٹی میں ایک سر براہی اجلاس میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

منگل کے اجلاس کے دوران امریکہ کے صدر جو بائیڈن، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسیکو کے صدر اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور نے اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا، جس میں خطے میں مزید سامان بنانا اور سیمی کنڈکٹر کی پیداوار کو بڑھانا شامل ہے۔

بائیڈن نے میکسیکو کے نیشنل پیلس میں تقریباً دو گھنٹے کی میٹنگ کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ تینوں ممالک "سچے شراکت دار ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ جب تینوں ملک ساتھ مل کر کام کرتے ہیں ہم مضبوط اور بہتر ہوتے ہیں، اور "ہم نے کووڈ نائنٹین کے مقابلے سے لے کرصحت عامہ کو درپیش خطرات سے نمٹنے، اور اکیس صدی کے لیے ورک فورس کو بنانے اور اس میں سرمایہ کرنی سمیت (شعبوں میں) ترقی کی ہے۔

پیر کے روز امریکہ اور میکسیکو کے درمیان بات چیت میں مائیگریشن ، آب و ہوا کی تبدیلی ، تجارت اور مینیو فیکچرنگ کے مسائل نمایاں رہے جب کہ میزبان لوپیز اوبراڈور نے بر اعظم کے لیے مزید اقتصادی اور سماجی وسائل کے انضمام پر زور دیا ۔

پیر کی رات اعلٰی سطحی وفود کے ساتھ دونوں رہنماؤں کے دو طرفہ اجلاس میں لوپیز ابراڈورنے صدر بائیڈن کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ ایک انسانیت نواز اور اعلیٰ تخیل کے حامل صدر ہیں اور یہ کہ ہمارے براعظم میں اقتصادی و سماجی وسائل کے انضمام کی کسی نئی پالیسی کی ابتدا کے لیے حالات واقعی اس سے بہتر نہیں ہو سکتے ۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہےکہ یہ بات چیت گھمبیر تھی ۔ قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون نے میکسکو سٹی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کے درمیان حساس گفتگو ہوئی جو بند دروازوں کے پیچھے ہی بہترین طریقے سے ہوتی ہے ۔ لیکن صدر یقینی طور پر یہاں اپنے اقتصادی ایجنڈے کے ایک کلیدی حصے کے ساتھ آئے تھے ۔

سولیون نے یہ بھی کہا کہ اس سربراہی اجلاس کا ایک ذاتی عنصر بھی ہےجسے اکثر تین امیگوز سر براہی اجلاس، یعنی سہ طرفہ غیر رسمی سر براہی اجلاس کہا جاتا ہے ۔

Biden Mexico
Biden Mexico

پیر کے روز سولیون نے میکسیکو سٹی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ دورہ صدر بائیڈن کے لیے صدر لوپیز اوبراڈور اور وزیر اعظم ٹروڈو کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات مضبوط کرنے کا ایک اچھا موقع ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز انہیں صدر لوپیز ابراڈور کے ساتھ ائیر پورٹ سے واپس شہر میں جانے کا موقع ملا جس سے انہیں اس بارے میں براہ راست بات چیت کا موقع ملا کہ وہ اس وقت دنیا کو کیسے دیکھ رہے ہیں ، ان کے ذہنوں میں کیا ہے ۔ اور میرا خیال ہے کہ ان دونوں کو اس بارے میں بہت کچھ معلوم ہوا ۔

پیر کے روز لوپیز اوبراڈور اور ان کی اہلیہ ، بئیٹریز گوٹئیرز نے امریکی صدر اوران کی اہلیہ جل بائیڈن کا نیشنل پیلیس میں ایک استقبالیہ تقریب میں خیر مقدم کیا ۔ اور پیر کی شام ، بائیڈن ، ٹروڈو اور لوپیز اوبراڈور نے اپنی بیگمات کے ساتھ ایک ڈنر کیا ۔

صدر بائیڈن، جل بائیڈن میکسیکو کے صدر آندرے لوپیز اور ان کی اہلیہ بئٹریز گوٹئیرز کے ساتھ میکسیکو سٹی کے نیشنل پیلیس میں ایک استقبالیہ تقریب میں قومی ترانے کے لئے کھڑے ہیں : فوٹو اے پی 9 جنوری 2023
صدر بائیڈن، جل بائیڈن میکسیکو کے صدر آندرے لوپیز اور ان کی اہلیہ بئٹریز گوٹئیرز کے ساتھ میکسیکو سٹی کے نیشنل پیلیس میں ایک استقبالیہ تقریب میں قومی ترانے کے لئے کھڑے ہیں : فوٹو اے پی 9 جنوری 2023

بائیڈن کا یہ دورہ اس اعلان کے بعد ہوا ہے کہ کیوبا ، ہیٹی ، نکارا گوا اور وینزویلا کے30 ہزار باشندوں کو ہر ماہ امریکہ آنے کی اجازت دی جائے گی اور اگر وہ اپنے ملکوں سے درخواست دیں ، اپنے پس منظر کی جانچ پڑتال میں پاس ہو جائیں اور یہ ثابت کر دیں کہ امریکہ میں ان کا کوئی مالی معاونت کرنے والا موجود ہے تو وہ یہاں دو سال تک قانونی طور پر کام کرسکتے ہیں ۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا امریکی حکومت کا نئے پروگرام کے تحت 30 ہزار سے زیادہ تارکین وطن کو قبول کرنے کا کوئی ارادہ ہے تو سولیون نے کہا کہ حکومت نے عددی اہداف قائم کیے ہوئے ہیں اور وہ دیکھیں گے کہ یہ کس طرح کارگر ہوتے ہیں اور اس کے بعد کوئی فیصلے کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سربراہی اجلاس کے اختتام پر ہم کوئی نیا معاہدہ نہیں کریں گے جسے یہاں پیش کیا جا سکے ۔ ہمیں جو کچھ دیکھنے کی ضرورت ہے وہ یہ کہ گزشتہ ہفتے جس پروگرام کا اعلان کیا گیا تھا وہ کس طرح قابل عمل ہو سکتا ہے اور اگر اس پروگرام میں کسی تبدیلی کی ضرورت ہوئی تو کیا ہو گی اور اس کے بعد ہم کسی اگلے قدم کے بارے میں بات کر سکتے ہیں ۔

صدر بائیڈن امریکہ اور میکسیکو کی سرحدی دیوار کے ساتھ ۔فوٹو رائٹرز 8 جنوری
صدر بائیڈن امریکہ اور میکسیکو کی سرحدی دیوار کے ساتھ ۔فوٹو رائٹرز 8 جنوری

بائیڈن کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ جو لوگ اس پروگرام کے لیے درخواست دینے میں ناکام رہیں گے اور کسی اجازت نامے کے بغیر سرحد پار کر کے امریکہ داخل ہوں گے، انہیں پینڈیمک دور کے صحت سے متعلق اس حکم نامے کے تحت میکسکو واپس بھیج دیا جائے گا جو تارکین وطن کی فوری بے دخلی کی اجازت دیتا ہے ۔

ٹائٹل 42 کے طور پر معروف وہ حکم نامہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر امریکہ داخل ہونے کی کوشش کرنے والے لوگوں کو روکنے کے ایک جواز کے طور پر جاری کیا گیا تھا ۔ اس حکم نامے کے تحت تارکین وطن کو کسی اجازت نامے کے بغیر امریکہ داخل ہونے کے بعد فوری طور پر ان کے ملک واپس بھیجا جاسکتا ہے ۔

بائیڈن ٹیکساس کے شہر الپاسو میں دستاویزات کے بغیر سرحد عبور کرنے والے ہزاروں تارکین وطن کی آمد کو براہ راست دیکھنے کے بعد میکسیکو پہنچے تھے ۔

جو بائیڈن لو الپاسو میں سرحدی افسر گاڑیوں کی چیکنگ کے بارے میں معلومات فراہم کر رہے ہیں ۔ فوٹو اے پی 8 جنوری 2023
جو بائیڈن لو الپاسو میں سرحدی افسر گاڑیوں کی چیکنگ کے بارے میں معلومات فراہم کر رہے ہیں ۔ فوٹو اے پی 8 جنوری 2023

میکسیکو کے ساتھ واقع اس سرحدی شہر کے اپنے تقریباً چار گھنٹے کے دورے کے دوران، بائیڈن امریکی بندرگاہ کے داخلے کے پل پر رکے جہاں انہوں نے کسٹمز اور سرحدی حاظتی افسروں سے ملاقات کی اور دیکھا کہ وہ کس طرح سرحد پر منشیات، رقم اور دوسری چیزوں کے لیے گاڑیوں کی تلاشی لیتے ہیں۔

بائیڈن نے یو ایس میکسیکو کی سرحدی دیوار کے اس حصے پر بھی چہل قدمی کی جو ٹیکساس شہر کو سیوڈاڈ جواریز سے الگ کرتی ہے۔ ان کے ساتھ سرحدی گشت سے متعلق دو ایجنٹ بھی تھے ۔

انہوں نے الپاسو کاونٹی کے مائیگرینٹ سپورٹ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور مقامی عہدے داروں اور کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات کی

ٹیکساس میں اپنی آمد کے موقع پر بائیڈن نے گورنر گریگ ایبٹ سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں ایک خط دیا ۔ ایبٹ نے اپنی ریاست میں افراتفری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وفاقی امیگریشن قوانین پر عمل درآمد میں بائیڈن انتظامیہ کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔

اپنے دورے کے بعد بائیڈن نے ٹویٹ کیا کہ امریکہ اور میکسیکو کی سرحد کو محفوظ بنانا اور امیگریشن کی کارروائیوں کو منظم ، منصفانہ ، محفوظ اورانسانی تقاضوں کے مطابق بنانا ممکن ہے۔

بائیڈن نے کہا کہ میری انتظامیہ غیر قانونی مائیگریشن کو محدود کرنے ، امیگریشن کے قانونی طریقوں کی توسیع اور سیکیورٹی بڑھانے کے لیے دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے ۔

س رپورٹ کا کچھ مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG