امریکہ نے تصدیق کی ہے کہ اس کا ایک لڑاکا طیارہ لیبیا میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
امریکی افواج کی افریقہ میں کمانڈ کے ترجمان وِنس کرولے نے منگل کے روز بتایا ہے کہ گذشتہ شب تباہ ہونے والے امریکی ایئر فورس کے ایف ففٹین ای طیارے میں دو پائلٹ سوار تھے جو حادثے سے قبل بحفاظت اس سے چھلانگ لگانے میں کامیاب ہو گئے۔ تاہم اب تک ایک پائلٹ کو ڈھونڈا جا سکا ہے جب کہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔
وِنس کرولے کے مطابق یہ حادثہ طیارے میں ممکنہ طور پر تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا اور یہ مخالف قوت کی کارروائی نہیں تھی۔
ترجمان نے اُس علاقے کی نشان دہی نہیں کی جہاں یہ طیارہ گر کر تباہ ہوا۔