رسائی کے لنکس

لیبیا میں 20 قبطی عیسائی اغواء


قبطی عیسائی ایک دعائیہ تقریب میں شریک (فائل)
قبطی عیسائی ایک دعائیہ تقریب میں شریک (فائل)

دوسری طرف لیبیا کی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ مسلح شدت پسندوں نے جنوبی شہر سبہا میں ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کیا اور 14 سرکاری فوجیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

لیبیا میں حالیہ دنوں میں نقاب پوش مسلح افراد نے 20 مصری قبطی عیسائی کارکنوں کو اغواء کر لیا۔ ان میں وہ 13 افراد بھی شامل ہیں جنہیں ساحلی شہر سرت کے ایک رہائشی احاطے سے اغواء کیا گیا تھا۔

خبررساں ادارے 'اے پی' نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسلح افراد ایک رہائشی عمارت کے ہر کمرے میں گئے اور وہاں موجود لوگوں کے شناختی کاغذات طلب کیے۔ ان افراد میں سے مسلمان اور عیسائی لوگوں کو الگ کیا۔

عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مسلح افراد عیسائی کارکنوں کو اغواء کر کے ساتھ لے گئے اور وہ خود اس لیے بچ گیا کیونکہ اس نے اپنے کمرے کا دروازہ نہیں کھولا تھا۔

دوسری طرف لیبیا کی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ مسلح شدت پسندوں نے جنوبی شہر سبہا میں ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کیا اور 14 سرکاری فوجیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ حملہ جمعہ کی صبح کیا گیا۔

لیبیا کے سابق آمر معمر قذافی کو 2011ء میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک میں کوئی موثر حکومتی عمل داری موجود نہیں ہے۔

وزیر اعظم عبداللہ الثنی کی قیادت میں لییبا کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی گئی حکومت گزشتہ سال اس وقت بھاگ کر مشرقی شہر طبرق منتقل ہو گئی جب اسلامی شدت پسندوں نے ملک کے دارالحکومت طرابلس پر قبضہ کر لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG