یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن ہفتہ کو لیبیا کا دورہ کررہی ہیں جہاں وہ ملک کے لیے یونین کے نئے وفد کا باقاعدہ اعلان کریں گی۔
ایک بیان میں ایشٹن کا کہنا تھا کہ اس وفد کا مقصد طرابلس کے ساتھ قریبی تعلقات کو اجاگر کرنا ہے۔
اپنے دورے میں ایشٹن لیبیا کے اعلیٰ حکام بشمول نو منتخب عبوری وزیراعظم عبدالرحیم الکیب اور قومی عبوری کونسل کے چیئر مین مصطفیٰ عبدالجلیل سے ملاقاتیں کریں گی۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اس نے لیبیا میں بحران شروع ہونے کے بعد سے سابق حکمران معمر قذافی کے دور کے خاتمے تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملک کو 213 ملین ڈالرز کی امداد فراہم کی ہے۔ ادارے کے بقول لیبیا کی عبوری حکومت کے استحکام میں مدد کے لیے وہ مزید لاکھوں ڈالرکی فراہمی میں مدد دے گا۔
گزشتہ ماہ لیبیا کے عبوری رہنماؤں نے ملک میں معمر قذافی کے 42 سالہ دور اقتدار کے خاتمے اور آزادی کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سال کے اندر پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کرائے جائیں گے۔