نیٹو کے ترجمان نے کہا ہے کہ لیبیا پر اتحادیوں کی فضائی کارروائیوں نے لیڈر معمر قذافی کو چھپنے پر مجبور کردیا ہے۔
ونگ کمانڈر مائیک براکِن نے کہا کہ دارالحکومت طرابلس میں قذافی کی حامی فورسز کے ٹھکانوں پر کیے جانے فضائی حملوں نے مسٹر قذافی کی اپنے فوجوں پر گرفت کو متاثر کیا ہے۔
براکِن کا یہ بیان جمعہ کو نیٹو کی طرف سے لیبیا کے جنگی بحری جہازوں پر کیے گئے حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ نیٹو نے کہا تھا کہ طرابلس، الخمس اور سیرت کی بندرگاہوں پر بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دریں اثناء امریکی صدر براک اوبامانے کانگریس سے کہا ہے کہ وہ لیبیا میں امریکی کوششوں کی حمایت کرے ، جو کہ نیٹو کی زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد کا حصہ ہے۔یہ بات انھوں نے جمعہ کے روز قانون سازوں کو لکھے گئے ایک خط میں کہی۔تاہم انھوں نے کہا کہ لیبیا میں نیٹو افواج کے مشن میں امریکہ کا کردار رہا ہے۔
ادھر امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے لیبیا کے باغیوں کو فوجی راشن بھیجا ہے جو حلال خوراک پر مشتمل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید امداد بھیجی جائے گی۔
یہ خوراک باغیوں کے مضبوط گڑھ بن غازی کے لیے بھیجی گئی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ سینڈ بیگ، یونیفارم، خیمے اور حفاظتی جیکٹس سمیت مزید امداد بھی بھیجی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1