لیبیا میں باغیوں کا کہنا ہےکہ وہ بریغہ کی طرف پیش قدمی کررہے ہیں، جو کہ اپوزیشن اور لیڈر معمر قذافی کی حامی افواج کے مابین حالیہ حملوں کا مرکز اور تیل کی ایک کلیدی بندرگاہ ہے۔
جمعرات کو باغیوں نے بتایا کہ اُنھوں نے بندرگاہ کےمتعدد رہائشی اضلاع کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ بریغہ، طرابلس سے مشرق میں تقریباً 750کلومیٹرکے فاصلے پر واقع ہے۔
دوسری طرف، مغربی علاقے میں مصراتہ شہر کے قریب دونوں اطراف سےحملوں کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔
ایک اور خبر کے مطابق جمعرات کو یورپی یونین نے مسٹر قذافی کی حکومت پر لیبیا کے خلاف تعزیرات کو وسیع کرنے کے بارے میں اپنا دباؤ بڑھا دیا ہے۔ یورپی یونین نے الشرارہ تیل کمپنی اور لیبیائی حکومت کے ساتھ تعلقات رکھنے والے انتظامی امور سےمتعلق ایک ادارے کے ساتھ رابطوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
لیبیائی بغاوت کا آغاز فروری میں ہوا۔ شورش کا جواب دینے اورجمہوریت نواز مظاہرین کے خلاف پُر تشدد کارروائیوں کےحوالے سے قذافی حکومت پربڑے پیمانے پرتنقید کی گئی ہے۔