رسائی کے لنکس

لیبیائی باغیوں کو قیادت کا ’جائز حق‘ حاصل ہے: قطر


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

قطر نے پیر کو لیبیا کے باغیوں کی حمایت میں کہا ہے کہ وہ ملک کی قیادت سنبھالنے کا ”جائز حق“رکھتے ہیں۔ یہ عرب ریاست (قطر) مغربی ممالک کے ساتھ مل کر لیبیا کے رہنما معمر قذافی کی وفادار فورسز پر فضائی حملوں میں بھی شامل ہے۔

اتحادی افواج کی کارروائی کی مدد سے لیبیائی باغی معمر قذافی کے آبائی علاقے سرت کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں اُن کی سرکاری فورسز سے شدید لڑائی کا امکان ہے۔ گذشتہ شب اتحادی فضائی حملوں میں پہلی مرتبہ سرت کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

مزیدبرآں باغیوں کی دارالحکومت طرابلس کی جانب پیش قدمی بھی جاری ہے، جہاں اتوار کی رات متعدد زوردار دھماکوں کے علاوہ طیارہ شکن توپوں سے داغے جانے والے گولوں کی آوازیں سنی گئیں۔ لیبیا کے سرکاری ٹی وی نے سرت اور طرابلس پر فضائی حملوں کی تصدیق کی ہے۔

لیبیائی باغی ملک کے مشرقی حصے میں کئی علاقوں پر قبضہ کر چکے ہیں جن میں تیل کی درآمد سے متعلق دو اہم بندرگاہیں بریگہ اور راس لانوف شامل ہیں۔

حکومتی فورسز سے برسرپیکار باغی معمر قذافی کے 42 سالہ اقتدار کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG