پروفیشنل سوشل نیٹ ورک 'لنکڈ اِن' نے اپنے تقریبا تمام 15 ہزار 900 کل وقتی ملازمین کو اگلے پورے ہفتے کی چھٹی دی ہے تاکہ ملازمین تھکن اتار کر تازہ دم ہو سکیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 'لنکڈ ان' نے بتایا ہے کہ اس نے اپنے ملازمین کو ’’ریسٹ اپ‘‘ یعنی آرام کر کے تازہ دم ہو جانے کا پیغام دیا ہے اور کہا کہ پیر کے روز سے ملازمین کو اپنی دیکھ بھال کرنے کا وقت دیا جائے گا۔
اے ایف پی کو ایک سوال پر جواب دیتے ہوئے کمپنی نے کہا کہ ’’پوری کمپنی کے ایک ساتھ چھٹی پر جانے میں ایک جادوئی اثر ہے، اور سب سے مزے دار بات یہ ہے کہ چھٹی کے بعد کسی کو بے شمار ای میلز کا جواب بھی نہیں دینا ہوگا۔‘‘
اس ہفتے کے دوران اُن ملازمین کو جو تنہائی محسوس کر رہے ہیں، کمپنی کی جانب سے یہ موقع بھی دیا جائے گا کہ وہ انسانی ہمدردی کے تحت کئے گئے کاموں میں رضاکارانہ طور پر شامل ہو سکتے ہیں۔
'لنکڈ اِن' کے مطابق اس ہفتے کے دوران ایک بنیادی ٹیم کام کرتی رہے گی۔ تاہم، انہیں کسی اگلے ہفتے میں چھٹی دی جائے گی۔
امریکہ میں پچھلے برس کرونا وائرس کی عالمی وبا کے شروع ہونے کے بعد بڑی ٹیکنالوجی کی کمپنیاں گھر سے کام کروانے میں سر فہرست تھیں تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ ٹویٹر نے گھر سے کام کو غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
'لنکڈ اِن' ستمبر سے پہلے اپنے ملازمین کے دفتر واپس جا کر کام کرنے کی توقع نہیں رکھتی۔ کمپنی کا منصوبہ ہے کہ وہ دفاتر میں واپسی کے بعد بھی آدھا وقت گھر سے کام کرنے کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔
یاد رہے کہ 2016 کے وسط میں مائیکرو سافٹ نے 'لنکڈ اِن' کو 26.2 ارب ڈالر کے عوض خرید کر سوشل نیٹ ورکنگ کے میدان میں قدم رکھا تھا۔