رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے پر اجلاس کا منظر۔ 2 اکتوبر 2024
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے پر اجلاس کا منظر۔ 2 اکتوبر 2024

براہِ راست ہمیں یا اسرائیل کو ٹارگٹ نہ کریں: امریکہ کا ایران کو انتباہ

سلامتی کونسل میں اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے پر اجلاس میں امریکی سفیر کے اسلامی گارڈر کور پر سخت پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا جب کہ ایران نے سلامتی کونسل کو اپنے خط میں کہا ہے کہ اس نے اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی پر بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت صرف اسرائیلی فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا ہے۔

11:21

اسرائیل پر حملہ: ایران، عراق اور غزہ میں جشن

ایران نے منگل کی شب اسرائیل پر متعدد میزائل داغے جس کے بعد عراق، ایران اور غزہ میں جشن منایا گیا۔ بغداد میں لبریشن اسکوائر پر متعدد افراد جمع ہوئے جنہیں لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ اور فلسطینی جھنڈے لہراتے دیکھا گیا۔ بصرہ میں بھی فلسطینی عسکریت پسند تنظیم 'پاپولر موبلائزیشن فورسز' کے ارکان نے جشن منایا۔

اسرائیل پر حملے کے بعد تہران میں کئی افراد سڑکوں نکل آئے جب کہ غزہ میں بھی شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے عسکریت پسند رہنماؤں کی حالیہ ہلاکتوں، لبنان اور غزہ میں جارحیت کا بدلہ ہے۔

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ 90 فی صد میزائلوں نے کامیابی سے اسرائیل میں اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ منگل کو داغے گئے ایرانی میزائل حملوں کے سنگین نتائج ہوں گے۔

اسرائیل اور حماس کا حالیہ تنازع سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع ہوا تھا جس میں بارہ سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق اب اکتالیس ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔⁣

10:45

آسٹریلوی وزیرِ اعظم کی اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق منگل کو میلبرن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم البانیز نے کہا کہ ہمیں ایرانِ کے اقدام پر تحفظات ہیں جس کی وجہ سے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

آسٹریلوی وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ اچھا ہے کہ اسرائیل کے دفاعی نظام نے یقینی بنایا ہے کہ حملے کے نتیجے میں کسی انسانی جان کا نقصان نہیں ہوا۔ اس خطے میں پہلے ہی بہت سی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

البانیز نے مزید کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ ہم اپنے اتحادی امریکہ اور دیگر دوست ملکوں کے ساتھ مل کر خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مسلسل زور دیتے رہے ہیں۔

10:31

تل ابیب پر ایرانی میزائل گرنے کا منظر

ایران نے منگل کی شب اسرائیل پر متعدد میزائل داغے جس کا منظر ایک شہری نے کیمرے کی آنکھ میں قید کر لیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تل ابیب سائرن اور دھماکوں سے گونج رہا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے 180 سے زائد میزائل داغے گئے جنہیں تباہ کرنے کے لیے ایئر ڈیفنس سسٹم فعال تھا۔ امریکہ کے محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں نے اسرائیل کی طرف بڑھنے والے ایرانی میزائلوں کے خلاف ایک درجن کے قریب انٹرسیپٹرز فائر کیے۔ تاہم ایرانی حملوں میں کتنا جانی نقصان ہوا ہے اس بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

10:28

امریکہ تنازع میں مداخلت سے باز رہے، ایران

ایران کے صدر مسعود پزشکیان
ایران کے صدر مسعود پزشکیان

اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد ایران نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ تنازع میں مداخلت سے باز رہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے ایران کی مقامی نیوز ایجنسی تسنیم کے حوالہ دے کر رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران امریکہ کو خبردار کرتا ہے کہ وہ معاملے سے دور رہے۔

ایران نے منگل کی شام اسرائیل پر 180 سے زائد میزائل فائر کیے تھے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے بیشتر میزائل فضا میں ہی مار گرائے ہیں تاہم کچھ میزائل زمین پر گرے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایران کے میزائل حملوں کی متعدد ویڈیوز وائرل ہیں جن کی آزاد ذرائع سے تصدیق کیا جانا مشکل ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG