سلامتی کونسل اسرائیل کے حملوں کی مذمت کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کرے: ایران کا مطالبہ
ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرے۔
اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کے سربراہان کے نام خط میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کے حملوں کی مذإت کے لیے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
اپنے خط میں عباس عراقچی نے کہا کہ ہفتے کو ایران پر اسرائیل کے حملے جارحیت ہیں جن کی مذمت کے لیے فوری سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔
یرغمالوں کی گھر واپسی کے لیے کچھ مشکل رعایتیں دینا پڑیں گی: اسرائیلی وزیرِ دفاع
اسرائیل کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ میں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی رہائی کے لیے درد ناک سمجھوتے کرنا پڑیں گے۔
یوو گیلینٹ کا اتوار کو کہنا تھا کہ صرف فوجی کارروائیوں سے جنگ کے اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی یرغمالوں کی اپنے گھروں میں واپسی کے لیے ہمیں اپنی اخلاقی ذمہ داری کو سمجھنا چاہیے اور ہمیں کچھ مشکل رعایتیں دینا ہوں گی۔
ایران کی دفاع اور میزائل بنانے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے: نیتن یاہو
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران دفاعی اور میزائل بنانے کی صلاحیت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے ہفتے کو ایران پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر ’نپے تلے اور طاقت ور‘ حملے سے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔
اپنے خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ فضائی حملے میں ایران کے دفاع اور میزائل بنانے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
حماس اور حزب اللہ اب ایران کے لیے کار آمد نہیں رہیں: اسرائیلی وزیرِ دفاع
اسرائیل کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ حماس اور حزب اللہ، ایران کے لیے اب مؤثر پراکسی نہیں رہیں۔
وزیر دفاع یوو گیلینٹ کا اتوار کو کہنا تھا کہ ایران، غزہ پٹی میں حماس کو اور لبنان میں حزب اللہ کو اسرائیل کے خلاف مؤثر طریقے سے استعمال نہیں کر سکتا۔
گیلینٹ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں حماس اب مزید عسکری نیٹ ورک کے طور پر سرگرم نہیں ہے جبکہ ان کے بقول حزب اللہ کی سینئر قیادت اور اس کی میزائل کی صلاحیت کو ختم کر دیا گیا ہے۔
ان کے بقول دونوں عسکریت پسند گروپ ایران کے لیے مزید کار آمد نہیں ہو سکتے۔