رسائی کے لنکس

براہِ راست نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، پی ٹی آئی کی عدم شرکت

رجسٹرار سپریم کورٹ نے نئے چیف جسٹس کے لیے تین سینئر ترین ججز کے نام کمیٹی کو بھیج دیے ہیں جن میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام شامل ہیں۔

17:46

پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس: 'اگر کوئی رکن نہیں آتا تو کمیٹی کی کارروائی نہیں رکے گی'

چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کے لیے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شرکت نہیں کی۔

وفاقی وزیرِ قانون اور کمیٹی کے رکن اعظم نذیر تارڑ نے تحریک انصاف کے ارکان کو منا کر اجلاس میں لانے کی تجویز دی اور کمیٹی کے چار اراکین راجا پرویز اشرف، احسن اقبال، کامران مرتضیٰ اور رانا انصار کو پی ٹی آئی ارکان سے ملنے کا کہا ہے۔

واضح رہے کہ26ویں آئینی ترمیم کے بعد چیف جسٹس کے تقرر کے لیے 12 اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی گئی ہےجس کے پہلے سیشن میں نو ارکان شریک ہوئے۔

وزیرِ قانون نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 175 کے مطابق کمیٹی کی دو تہائی اکثریت سے چیف جسٹس کی تعیناتی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ لیکن اگر کوئی رکن نہیں آتا تو کمیٹی کی کارروائی نہیں رکے گی۔ ہمارے پاس مطلوبہ نمبرز موجود ہیں مگر چاہتے ہیں کہ باقی اراکین بھی آئیں۔

کمیٹی کا دوسرا سیشن ساڑھے آٹھ بجے ہوگا۔

16:13

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت منظور

پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی دو ہفتوں کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے منگل کو علی امین کی حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے بعد عدالت نے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو دو ہفتوں تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے 14 دن میں مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ساتھ ہی عدالت نے کہا کہ ان مقدمات کی تفصیل بھی فراہم کریں جو اسلام آباد اور پنجاب میں درج ہیں۔

16:08

سپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست دائر

سپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں اس ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

منگل کو محمد انس نامی درخواست گزار نے وکیل عدنان خان کی وساطت سے ایک آئینی درخواست دائر کی ہے جس میں وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا قانون سازی کا اختیار ہے۔ پارلیمنٹ دو تہائی اکثریت سے آئین میں ترمیم کر سکتی ہے۔

درخواست کے مطابق پارلیمنٹ کو عدالتی امور پر تجاویز کا اختیار نہیں۔ 26ویں آئینی ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے اور اداروں کے درمیان اختیارات کی تقسیم کے خلاف ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کو بنیادی حقوق اور عدلیہ کی آزادی کے منافی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔

14:55

نئے چیف جسٹس کی تعیناتی: رجسٹرار سپریم کورٹ نے تین نام کمیٹی کو بھیج دیے

نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے رجسٹرار سپریم کورٹ نے تین سینئر ترین ججز کے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیے ہیں۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے بھیجے گئے ناموں میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وزارتِ قانون نے رجسٹرار کے ذریعے نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے نام مانگے تھے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG