جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
ایوانِ صدر میں تقریب کے دوران جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
حلف برداری سے قبل یحییٰ آفریدی کے بطور چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹی فکیشن پڑھا گیا جس کے بعد صدرِ پاکستان آصف زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے بطور چیف جسٹس آف پاکستان حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں اسٹیج پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ موجود تھے۔
تقریب میں وزیرِ اعلی خیر پختونخوا علی امین گنڈاپور، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارک باد
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان حلف اٹھانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
ایک بیان میں اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کا چیف جسٹس بننا انتہائی عزت اور اعزاز کی بات ہے۔ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا۔ عدل و انصاف کا نظام بہتر ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی ملک ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں جسٹس یحییٰ آفریدی ملک میں آئین و قانون کے مطابق عدل و انصاف کے نظام کو مزید مستحکم کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق پارلیمان 25 کروڑ عوام کی آواز اور امیدوں کا مرکز ہے۔ خوشی ہے کہ چیف جسٹس کا تقرر پارلیمان نے آئین کے مطابق عوامی رائے اور ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا۔ آئین پاکستان کی مکمل پاسداری ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ ریاست کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں سر انجام دیں۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی کی دانش مندانہ قیادت میں عدالتی نظام مذید مستحکم ہو گا۔ چیف جسٹس عوام کو فوری اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
پاکستان ساڑھے تین برس بعد اپنی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب
پاکستان نے انگلینڈ کو راولپنڈی میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔
پاکستانی اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی کی شاندار کارکردگی کی بدولت مہمان ٹیم صرف 36 رنز کا ہدف ہی دے سکی جسے پاکستانی بلے بازوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان نے اپنی سر زمین پر ساڑھے تین سال سے زائد عرصے کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔ اس سے قبل فروری 2021 میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دو میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔
پاکستان انگلینڈ کے خلاف آٹھ برس بعد کوئی ٹیسٹ سیریز جیتا ہے جب کہ اس نے 13 برس کے وقفے کے بعد انگلینڈ کو کسی ہوم سیریز میں ہرایا ہے۔
تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے کئی ریکارڈز بناتے ہوئے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی۔ ملتان میں ہی کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے شکست کا بدلہ لیتے ہوئے انگلش ٹیم کو 152 رنز سے ہرایا اور راولپنڈی میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے انگلش ٹیم کو با آسانی نو وکٹوں سے شکست دی۔