رسائی کے لنکس

براہِ راست ایران نے اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغنے کی ذمہ داری قبول کرلی

ایسوسی ایٹڈ پریس نے اسرائیلی فوج کے حوالے سے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر میزائل فائر کر دیے ہیں اور اسرائیل نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ میزائل حملے سے بچنے کے لیے پناہ گاہوں میں چلے جائیں۔

18:48

روس کا جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج نکالنے کا مطالبہ

روس نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان سے فوری طور پر اپنی فوج واپس بلا لے۔

منگل کو روس کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ روس جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے کی مذمت کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اپنی کارروائیاں روک کر مشرقِ وسطیٰ میں تنازع کے پرامن حل کی طرف توجہ دے۔

روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق مسلح جارحیت کا سامنا کرنے والے لبنانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔

سن 2022 میں یوکرین پر حملہ کرنے والے روس کے حزب اللہ کی پشت پناہی کرنے والے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور وہ خطے میں بڑے پیمانے پر جنگ کا خدشہ ظاہر کرتا رہا ہے۔

18:22

اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر جاری کارروائیوں کے لیے مزید ریزرو فوج طلب کرلی

اسرائیل کی فوج نے لبنان کے ساتھ شمالی سرحد پر جاری کارروائیوں کے لیے مزید ریزرو فوج کو طلب کرلیا ہے۔

فوج کی جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس اقدام سے حزب اللہ کی دہشت گرد تنظیم کے خلاف کامیابیوں اور آپریشنل اہداف کو جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ یہ کارروائیاں شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کی گھر واپسی کے لیے بھی کارگر ثابت ہوں گی۔

18:16

مشکل وقت میں لبنان کی ہر ممکن مدد کریں گے: صدر ایردوان

ترکیہ کے صدر طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہم مشکل وقت میں لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

ترک پارلیمنٹ سے خطاب میں ایردوان کا کہنا تھا کہ ہم ہر ممکن طریقے سے لبنان کی مد کریں گے۔

18:05

سلووینیا اور مونٹینگرو اسرائیل جانے والے بحری جہاز کو لنگر انداز نہ ہونے دیں: ایمنسٹی انٹرنیشنل

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یورپی ممالک مونٹینگرو اور سلووینیا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پرتگالی جہاز کو اپنی بندرگاہوں پر لنگر انداز نہ ہونے دے جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ اسرائیل کے لیے اسلحہ بارود لے کر جارہا ہے۔

ایمنسی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسلحے کی یہ کھیپ غزہ میں جنگی جرائم کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔

بیان کے مطابق ایم وی کیتھرین نامی جہاز 21 جولائی کو ویتنام کی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔ اس سے قبل 24 اگست کو نمبیا کے حکام نے اس جہاز کو لنگر انداز ہونے کی اجازت واپس لے لی تھی۔

ممکنہ طور پر یہ جہاز جمعرات تک سلووینیا اور مونٹینگرو کی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہو سکتا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG