شام کی فوج کی تباہ شدہ گاڑیاں
لبنان کی سرحد سے شام کے دارالحکومت دمشق تک راستے میں جگہ جگہ شامی فوج کی چھوڑی ہوئی گاڑیاں کھڑی ہیں۔
ان میں سے اکثر تباہ شدہ ہیں۔ شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خلاف لڑنے والے باغیوں نے اتوار کو دمشق کا کنٹرول سنبھال لیا تھا جب کہ بشار الاسد پہلے ہی ملک سے روانہ ہو گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق بشار الاسد نے روس میں سیاسی پناہ لی ہے۔
اسرائیل اور ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟
شام میں باغیوں نے محض 11 روز کی پیش قدمی کے بعد اتوار کو دمشق کا کنٹرول سنبھال کر مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال بدل کر رکھ دی ہے۔
ماہرین کے مطابق خطے کی بڑی قوتوں کو اب نئے سرے سے صف بندی کرنی ہوگی۔
بشار الاسد نے اپنے اتحادیوں کی مدد سے لگ بھگ 14 برس تک باغیوں کو آگے بڑھنے سے روک رکھا تھا۔ لیکن چند روز کے اندر ہی وہ اقتدار سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اس پیش رفت کو جہاں ایران کے لیے دھچکا قرار دیا جا رہا تو وہیں اسرائیل سمیت خطے کے دیگر ممالک بھی اس صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ایران کے شام میں باغی گروپس سے براہ راست رابطے
ایران نے شام میں بشار الاسد کی حکومت گرانے والے باغی گروپس سے براہ راست رابطہ قائم کرلیا ہے۔
پیر کو رائٹرز سے بات کرتے ہوئے ایک سینئر ایرانی عہدے دار نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے یہ رابطہ قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ باغیوں سے روابط کا مقصد خطے کو مزید کشیدگی سے بچانا ہے۔
شام میں کیمیائی ہتھیار اور میزائلوں کے مشتبہ ذخائر کو نشانہ بنایا ہے: اسرائیل
اسرائیل کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں ایسے مقامات کو نشانہ بنایا ہے جہاں کیمیائی ہتھیار اور دور تک مار کرنے والے موجود ہونے کا شبہ تھا۔
وزیرِ خارجہ جدعون ساعر نے کہا کہ یہ حملے ان ہتھیاروں کے اسرائیل دشمن فورسز کے پاس جانے سے روکنے کے لیے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شام کی صورتِ حال میں سب سے پہلی ترجیح اسرائیل اور اپنے عوام کی سیکیورٹی ہے۔