رسائی کے لنکس

برطانیہ: شہزادی کیٹ کب خوشخبری سنائیں گی


ڈیلی میل کا کہنا ہے کہ نومولود کی ولادت کے لیے شہزادی کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کا دن یعنی 21 اپریل کی تاریخ دی گئی تھی, جو اب گزر چکی ہے۔

برطانیہ میں ان دنوں شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ہاں ولادت کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ ادھر شاہی خاندان کے چاہنے والوں نے رائل بی بی کی ایک جھلک پانے کے لیے اسپتال کے باہر ڈیرے ڈال رکھے ہیں، ایسے پر تجسس ماحول میں میڈیا کی طرف سے طرح طرح کی قیاس آرائیاں بھی جنم لے رہی ہیں۔

جن کے مطابق شہزادی کیٹ کی ڈیو ڈیٹ کب کی گزر چکی ہے اور اب کسی بھی وقت شاہی خاندان کی جانب سے نومولود شہزادی یا شہزادہ کی ولادت کی خوشخبری سنائی جا سکتی ہے۔

شہزادی کے دوسرے بچے کی ولادت کی حتمی تاریخ کے حوالے سے شائع ہونے والی قیاس آرائیوں کے مطابق، ڈیلی میل کا کہنا ہے کہ نومولود کی ولادت کے لیے شہزادی کو ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کا دن یعنی 21 اپریل کی تاریخ دی گئی تھی، جو اب گزر چکی ہے تاہم دیگر ذرائع کی جانب سے 25 اپریل یا 29 اپریل یعنی شہزادہ ولیم اور کیٹ کی شادی کی چوتھی سالگرہ کو رائل بی بی کی آمد کا دن قرار دیا جا رہا ہے ۔

دو برس پہلے شہزادہ جارج کی ولادت سنٹرل لندن کے سینٹ میری اسپتال کے نجی زچہ خانے لنڈو ونگ میں ہوئی تھی جبکہ اسی اسپتال میں شہزادی کیٹ کے دوسرے بچے کی ولادت بھی متوقع ہے ۔

یاد رہے کہ شہزادہ جارج کی ولادت سے مہینہ پہلے اسی اسپتال کے باہر دنیا بھر کی صحافی برداری نے میلہ لگایا لیا تھا تاہم اس مرتبہ صحافیوں اور فوٹو گرافروں کو عمارت کے آس پاس بھیڑ لگانے سے منع کیا گیا ہے۔ جنھیں شہزادی کیٹ کے اسپتال میں داخل ہونے کے بعد ہی یہاں ڈیرے لگانے کی اجازت ملے گی۔

نشریاتی اداروں کا کہنا ہے کہ صحافیوں کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں جنھیں شاہی ذرائع کی جانب سے بچے کی ولادت کا باضابطہ اعلان ہونے سے پہلے کسی بھی طرح کی خبر بریک کرنے روکا گیا ہے ۔

تاہم، شاہی خاندان سے قریبی انسیت رکھنے والے افراد کو اس بار بھی عمارت کےسامنے جمع ہونے سے نہیں روکا گیا ہے۔ ان میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جنھوں نے موسم کی شدت کو نظر انداز کرتے ہوئے اسپتال کے سامنے کی بینچوں پر اپنےخیمے تان لیے تھے۔

بلکہ اپنے آس پاس کے علاقے کو بھی شاہی خاندان کی تصاویر والے پوسٹر، پلے کارڈوں اور رنگ برنگے غباروں سے سجا رکھا ہے۔

ایسے سپر فین کہتے ہیں کہ وہ تاریخ کے اس یادگار لمحے کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ ان میں سے کئی عمر رسیدہ فین ایسے بھی ہیں جو شہزادہ ولیم ،شہزادہ ہیری سمیت شہزادہ جارج کی ولادت کے وقت بھی یہاں اسی طرح نئے رائل بی بی کے استقبال کے لیے موجود تھے ۔

سنٹرل لندن کی کونسل کی جانب سے لنڈو ونگ کی عمارت کے اردگرد کی سڑکوں پر ہر قسم کی پارکنگ پرپابندی عائد کر دی گئی ہے۔

سٹرک پر آویزاں پیلے نوٹس بورڈ پر لکھا ہے کہ اسپتال کے آس پاس کی سٹرکوں پر 15 اپریل سے 30 اپریل تک پارکنگ کرنا منع ہے۔

شاہی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم ان دنوں فضائی ایمبولینس میں پائلٹ کی ملازمت سے دو ہفتے کی پیٹرنٹی چھٹیوں پر ہیں۔ لہذا قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ بچے کی ولادت کے وقت اسپتال میں شہزادی کیٹ کے ساتھ رہیں گے۔

اطلاعات یہ بھی ہیں کہ شہزادی اس بار اسپتال سے سیدھے اپنے میکے جائیں گی جہاں ان کی دیکھ بھال کا فریضہ ان کی والدہ کارل مڈلٹن اور بہن پیپا مڈلٹن اٹھانے والی ہیں۔

اب جب کہ شہزادی کیٹ کے دوسرے بچے کی ولادت کی گھڑی تقریبا آن پہنچی ہے ایسے میں جہاں برطانوی عوام خوشخبری کی منتظر ہے وہیں بکیز لوگوں کے اشتیاق کا خوب فائدہ اٹھا رہے ہیں جو ہر روز شہزادی کیٹ کی نئی ڈیو ڈیٹ، ننھی شہزادی کے نام اس کے بالوں اور آنکھوں کے رنگ کے بارے میں بڑی بڑی شرطیں لگا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جانشینی کے نئے قانون کی رو سے برطانوی بادشاہت کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے بڑے صاحبزادے اور تاج برطانیہ کے دوسرے وارث شہزادہ ولیم کے گھر پیدا ہو نے والے سبھی بچے برطانوی تخت و تاج کے جانشین کہلائیں گے، اس قانون کے مطابق شہزادہ جارج سلطنت برطانیہ کے تیسرے ولی عہد ہیں لہذا نامولود شہزادہ یا شہزادی کی پیدائش کے بعد اسے چوتھا جانشین سمجھا جائے گا جبکہ شہزادہ ہیری بادشاہت کے امیدواروں کی فہرست میں چوتھے سے پانچویں نمبر پر آ جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG