رسائی کے لنکس

ملالہ یوسفزئی ساڑھے پانچ سال بعد پاکستان پہنچ گئیں


ملالہ یوسفزئی (فائل فوٹو)
ملالہ یوسفزئی (فائل فوٹو)

نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی چار دن کے دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔

پاکستان کی واحد نوبل پیس پرائز ونر ملالہ یوسفزئی جمعرات کی صبح اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔ ملالہ یوسف زئی اپنے والد ضیا الدین کے ہمراہ نجی ایئرلائن کے ذریعے پاکستان پہنچیں، اس سلسلہ میں اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات گئے ہیں۔

پاکستان میں ملالہ کی مصروفیات کو خفیہ رکھا گیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پاکستان میں 4 روز قیام کریں گی، اپنے اس دورہ میں ملالہ یوسف زئی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گی۔

ملالہ یوسف زئی اسلام آباد میں ہونے والے میٹ دی ملالہ پروگرام میں بھی شرکت کریں گی، وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اس پروگرام میں ملالہ یوسف زئی خطاب بھی کریں گی۔

سوات کی ملالہ یوسف زئی کو صرف 17 سال کی عمر میں 2014 میں امن کے نوبیل انعام سے نوازا گیا، وہ 3 سال دنیا کی با اثر ترین شخصیات کی فہرست میں بھی شامل رہیں جب کہ کینیڈا کی جانب سے انہیں اعزازی شہریت بھی دی گئی۔

9 اکتوبر 2012 کو تحریک طالبان پاکستان کے جنگجووں نے سکول سے واپس آتے ہوئے ان کے سر میں گولی ماری تھی، حملے میں شدید زخمی ہونے پر انہیں پہلے پشاور اور پھر راولپنڈی منتقل کیا گیا، لیکن تشویش ناک حالت کے پیش نظر ملالہ کو علاج کی غرض سے برطانیہ بھجوایا گیا۔ صحت یاب ہونے کے بعد سیکورٹی خدشات کے مدِ نظر ملامہ اور ان کے خاندان کو برطانیہ میں رہائش فراہم کی گئی تھی۔

ملالہ یوسف زئی نے سوات میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بی بی سی اردو سروس کے لیے گل مکئی کے نام سے ایک ڈائری لکھنا شروع کی جس میں سوات کے حالات اور تعلیم جاری رکھنے کے لیے حائل مشکلات سے دنیا کو آگاہ کیا، آپریشن کے بعد بھی ملالہ نے تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں تاہم اس دوران دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG