رسائی کے لنکس

ملالہ کا پوسٹ سرجری علاج جاری


ابتدائی اور تفصیلی ٹیسٹ کے بعد ماہر نیورولوجسٹ اور چائلڈ اسپیشلسٹس کی ٹیم ’ری کنسٹرکٹو‘ سرجری پر غور کر رہی ہے: اسپتال ذرائع

کوئین الزبیتھ اسپتال برمنگھم کے حکام کے مطابق طالبان کےقاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے والی سوات کی 14سالہ طالبہ ملالہ یوسفزئی کی صحت بہتر ہے۔نیوروسرجنز اور چائلڈ اسپیشلسٹس پر مشتمل ٹیم ملالہ کی پوسٹ سرجری علاج میں مصروف ہے۔

اسپتال کے اپ ڈیٹ کے مطابق ملالہ کی فیملی کا کوئی فرد بھی اُن کے ہمراہ برطانیہ میں موجود نہیں اور یہ کہ اُن کے والدین بھی ابھی تک پاکستان میں ہیں۔ لیکن، وہ جلد برطانیہ آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

کوئین الزبیتھ اسپتال کی ملالہ کی فیملی کے حوالے سے اپ ڈیٹ کو برطانوی میڈیا میں ایک ’سکیورٹی اقدام‘ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو کہ طالبان کی جانب سے ملالہ اور اُن کے والد کو نقصان پہنچانے کی مسلسل دھمکیوں کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر، ڈاکٹر ڈیوڈ کے مطابق ملالہ کے ابتدائی اور تفصیلی ٹیسٹ کے بعد ماہر نیورولوجسٹ اور چائلڈ اسپیشلسٹس کی ٹیم اُن کی ’ری کنسٹرکٹو‘ سرجری پر غور کر رہی ہے۔

سی ایم ایچ پشاور میں ملالہ کے سر سے گولی نکالنے کےلیے کی گئی سرجری کے بعد اُن کے سر اور گردن کی سوجن ابھی باقی ہے۔

ملالہ کے دماغ کی سوجن کےباعث اُن کے ’اسکل‘ کا تھوڑا سا حصہ ہٹا دیا گیا تھا، تاکہ سوجن کو کم کیا جاسکے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق، ملالہ یوسفزئی کے سر میں لگنے والی گولی دماغ کے بائیں حصے کو چھوتی ہوئی گزری تھی اور نیورولوجسٹ کے مطابق ایسے کیسز میں ریکوری میں ہفتوں سےمہینوں تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

ڈاکٹر ڈیوڈ کے مطابق، ملالہ کی جسمانی اور نفسیاتی رکوری کے لیے درکار پروسیجرز پر بھی اُن کی میڈیکل ٹیم غور کر رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملالہ کی قوت مدافعت اور اُن کی صحت میں بتدریج بہتری ڈاکٹرز کے لیے مسرت کا باعث ہے۔

کوئین الزبیتھ اسپتال کا شمار جنگ کے دوران پہنچنے والے زخموںٕ کے لیے برطانیہ کے بہترین اسپتالوں میں ہوتا ہے، جہاں مریض کی جسمانی تھیراپی کے بعد مرحلہ وار ’اِموشنل ‘اور آخر میں ’اسپیچ تھیراپی‘ کروائی جاتی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ، ملالہ یوسفزئی کے دماغ کا بایاں حصہ متاثر ہونے کے سبب اُنھیں عام زندگی میں واپس لوٹنے میں وقت درکار ہوگا، کیونکہ ایسے کیسز میں سوچنے، لکھنے، پڑھنے اور چلنے کی صلاحیت سمیت مریض کو دائیں ہاتھ اور پاؤں سے کیے جانے والے کام کرنے میں بھی دقت پیش آسکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG