رسائی کے لنکس

ملالہ کا کائنات سومرو کو تعلیم جاری رکھنے لئے تعاون


معلوم ہوا ہے کہ ملالہ نے کائنات کو گھر پر ہی ایک ہوم ٹیچر اور کتابیں فراہم کرنے سمیت پڑھائی کا تمام خرچہ اٹھانے کیلئے یقین دہانی کروائی ہے

کراچی: پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے آواز اٹھانے والی اور سال 2014 کا امن کا نوبیل انعام اپنے نام کرنےوالی کم عمر لڑکی، ملالہ یوسفزئی ان دنوں پاکستان بھر میں تعلیم عام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

ملالہ کا عزم ہے کہ پاکستان کی ہر لڑکی تعلیم حاصل کرے۔ اِسی عزم کے تحت حال ہی میں ملالہ نے صوبہٴسندھ میں اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی کائنات سومرو کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے تعاون کی پیشکش کی ہے۔

اپنے لیے انصاف کے حصول کی جنگ لڑنے کے لئے کراچی آنے والی زیادتی کی شکار کائنات سومرو نے وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ’ملالہ نے مجھے فون کیا تھا، جس میں انھوں نے پڑھائی جاری رکھنے کیلئے زور دیا‘۔

یہی نہیں، ملالہ نے کائنات سے ٹیلیفون پر گفتگو میں مزید کہا کہ’کائنات میری کوئی بہن نہیں ہے۔ دو بھائی ہیں۔ تم میری بہن ہو۔ میں تم سے کبھی ملی نہیں مگر میں نے تمھارے بارے میں ٹیلیویژن، اخبارات اور مختلف میگزین میں پڑھا ہے۔ تم بہادر لڑکی ہو جو اپنے لئے انصاف کی جنگ لڑ رہی ہے۔‘

کائنات کے بقول، ملالہ کا کہنا تھا کہ ’تم بہت ہمت والی لڑکی ہو، تمھیں انصاف ضرور ملے گا‘۔

کائنات سومرو نے مزید بتایا کہ ملالہ یوسفزئی نے ان سے سوال کیا کہ ’اسکول جا رہی ہو؟‘ جس پر، کائنات نے انھیں بتایا کہ میں اسکول نہیں جا سکتی، کیونکہ میں جن لوگوں کیخلاف مقدمہ لڑ رہی ہوں۔ میں اور میرے اہلخانہ حفوظ نہیں ہیں۔ ان کی جانب سے دھمکیاں ملتی ہیں اسلئے میں گھر پر رہتی ہوں اسکول جانے کا شوق ہے، مگر باہر نہیں جاسکتی۔ میرے والدین کے اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ گھر پر تعلیم کا بندوبست کرسکیں‘۔

جس پر، ملالہ یوسفزئی نے کائنات کو گھر پر ہی ایک ہوم ٹیچر اور کتابیں فراہم کرنے سمیت پڑھائی کا تمام خرچہ اٹھانے کیلئے یقین دہانی کروائی ہے۔

کائنات نے ملالہ کے فون کے بارے میں مزید بتایا کہ ملالہ یوسفزئی نے کہا ’میرا وعدہ ہے کہ تمھاری تعلیم کا خرچہ میں اٹھاوٴنگی۔ اس سمیت ملالہ کے والد ضیا یوسفزئی نے بھی کائنات سے گفتگو کی۔ جسمیں، ان کا کہنا تھا کہ، ’کائنات ایک ملالہ میری یہاں ہے ایک ملالہ تم ہو۔ تم میری بیٹی جیسی ہو۔‘

ملالہ کی اس یقین دہانی کے بعد، اب کائنات سومرو خوش ہے کہ اسے بھی تعلیم جاری رکھنے کا ایک اچھا موقع فراہم ہوجائیگا۔ ناصرف یہ کائنات کے والدین بھی اپنی بیٹی کی دوبارہ سے تعلیم کا سفر جاری رکھنے کیلئے ملالہ یوسفزئی کے اس تعاون پر انتہائی مطمئن ہیں کہ ان کی بیٹی بھی اب دوسری لڑکیوں کی طرح تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوسکے گی۔

انسانی حقوق کمیشن کے ترجمان نے ملالہ سے ٹیلوفون پر گفتگو کے بارے میں وائس آف امریکہ کی نمائندہ کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کائنات نے ایچ آر سی پی میں فون کرکے ملالہ یوسفزئی سے ٹیلیفون رابطہ کیا تھا۔

کائنات سومرو کا تعلق اندرون سندھ کے گاوٴں میہڑ سے ہے، جسے سات برس قبل، مبینہ طور پر گاوٴں کے بااثر افراد کی جانب سے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

کائنات اُس وقت آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم تھی۔ اس سانحے کے باعث کائنات نا صرف پڑھائی سے محروم ہوگئی، بلکہ اس انصاف کی جنگ میں اس نے بھائی کو بھی کھو دیا تھا۔ کائنات گزشتہ سات برسوں سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر زیادتی کیخلاف مقدمہ لڑ رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG