رسائی کے لنکس

ملائیشین مسافر طیارے کے ملبے سے 186 لاشیں برآمد


یوکرین کی سلامتی کونسل کے ایک ترجمان نے ہفتہ کو بتایا کہ تباہ ہونے والے مسافر طیارے کے بلیک باکس یوکرین کے حکام کے حوالے نہیں کیے گئے اور اس بارے میں انھیں کچھ علم نہیں ہے۔

یوکرین میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کے مسافر طیارے کے ملبے والے علاقے سے 186 لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔

ایک سرکاری ترجمان آندرے لیسنکو نے ہفتہ کو بتایا کہ "19 جولائی صبح سات بجے تک 186 لاشیں ملی تھیں۔ یہ علاقہ تقریباً 25 مربع کلومیٹر پر محیط ہے اور اس میں سے 18 کلومیٹر کا جائزہ لیا جا چکا ہے۔"

ملائیشیا کا مسافر طیارہ ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جاتے ہوئے جمعرات کو روس کی سرحد کے قریب یوکرین کے مشرقی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس پر سوار 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکہ اور یوکرین کا ماننا ہے کہ ایسے شواہد ملے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ اس طیارے کو زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

جس علاقے میں طیارے کا ملبہ گرا وہاں روس نواز باغی یوکرین کی سکیورٹی فورسز کے خلاف مسلح مزاحمت کرتے چلے آ رہے ہیں۔

باغیوں نے یوکرین کی وزارت ایمرجنسیز کے اہلکاروں کو جائے وقوع تک جانے کی اجازت دی لیکن انھیں یہاں سے کسی ملنے والی کسی بھی چیز کو ساتھ لے جانے نہیں دیا جارہا بلکہ اطلاعات کے مطابق برآمد ہونے والی اشیا جنگجو اپنے ساتھ لے جارہے ہیں۔

یوکرین کی سلامتی کونسل کے ایک ترجمان نے ہفتہ کو بتایا کہ تباہ ہونے والے مسافر طیارے کے بلیک باکس یوکرین کے حکام کے حوالے نہیں کیے گئے اور اس بارے میں انھیں کچھ علم نہیں ہے۔

طیارے کی تباہی کے بعد اس کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کے مطالبات بھی سامنے آچکے ہیں جب کہ امریکہ کے صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ "یہ بات ہے کہ مسافر طیارہ میزائل لگنے سے تباہ ہوا جو ظالمانہ دہشت گردی ہے۔"

یوکرین نے الزام عائد کیا ہے کہ مسافر طیارے کو روس نواز باغیوں کی طرف سے نشانہ بنایا گیا جنہوں نے رواں ہفتے ہی یوکرین کے ایک مال بردار فوجی طیارے کو بھی مار گرایا تھا۔

تاہم باغی اس بات کی تردید کرتے ہیں جب کہ روس نے اس واقعے کی ذمہ داری یوکرین کی حکومت پر عائد کی ہے جو علاقے میں امن قائم کرنے میں ان کے بقول ناکام رہی ہے۔

ادھر ملائیشیا کے وزیر ٹرانسپورٹ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ روس تباہ ہونے والے طیارے کے ملبے تک بحفاظت رسائی کے لیے تمام ممکنہ سہولت فراہم کر رہا ہے اور انھوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ لاشوں کی جلد برآمدگی کے لیے مدد کی جائے۔

وزیر لیو ٹیونگ لائی نے کہا کہ ان کا بھی ماننا ہے کہ مسافر طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔

XS
SM
MD
LG