رسائی کے لنکس

نیلسن منڈیلا 92 ویں برس کے ہو گئے


جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا اتوار کے روز اپنی 92 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔

اس سلسلے میں ایک روز قبل چھ سے 12 برس کی عمر کے 92 بچوں نے منڈیلا کے گھر جا کر ان کو روایتی انداز میں سالگرہ مبارک کہا۔ نیلسن منڈیلا فاونڈیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان بچوں کا تعلق ان علاقوں سے تھا جہاں منڈیلا پیدا ہوئے اور اپنی زندگی کے ابتدائی سال گزارے۔

بیان کے مطابق جب سابق صدر ان بچوں سے ملے تو ان کا کہنا تھا کہ ”مجھے بچوں کے ساتھ رہنا اچھا لگتا ہے“۔

اقوامِ متحدہ نے نیلسن منڈیلا کی امن اور آزادی کے لیے کی گئی کوششوں کے اعزاز میں نومبر 2009ء میں ان کے یوم پیدائش کو نیلسن منڈیلا کے بین الاقوامی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا اور اس برس یہ دن پہلی مرتبہ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن میں تصاویر اور فلموں کی نمائش، موسیقی کے پروگرام اور مذاکرے شامل ہیں۔

نیلسن منڈیلا ، جن کو ان کی جدوجہد پر نوبل پرائز بھی دیا جا چکا ہے، انھوں نے 27 سال جیل کاٹی اور 1990ء میں رہا کیے گئے۔منڈیلا 1994ء سے 1999ء تک جنوبی افریقہ کے صدر رہے۔

XS
SM
MD
LG