رسائی کے لنکس

شادی موٹاپے کا سبب بنتی ہے: تحقیق


’جوں جوں شادی شدہ جوڑوں کی ازدواجی زندگی میں اطمینان بڑھتا جاتا ہے اُن کا وزن بھی بڑھتا جاتاہے، جبکہ وہ جوڑے جن میں ذہنی مطابقت اور لگاؤ کم ہوتا ہے، اُن کے وزن میں کم اضافہ ہوتا ہے‘

شادی ایک نئے رشتے کو اپنانے کا نام ہے. یعنی ایک ایسا ساتھی جو عمر بھرآپ کی زندگی میں شراکت داری کا حق رکھتا ہے۔ اگر یہ رشتہ حقیقتاً آپ کی زندگی کو خوشیوں سے بھر رہا ہے تو دھیان رکھیئے کہیں اس کے ساتھ ساتھ آپ کا وزن بھی تو نہیں بڑھ رہا ہے۔ کیونکہ، امریکی تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ شادی شدہ مرد اورخواتین میں موٹاپے کا ایک سبب ان کی خوشگوار ازدواجی زندگی ہے۔

جبکہ اس کے برعکس، وہ شادی شدہ جوڑے جو اپنے رشتے سے خوش نہیں ہیں یا علحیدگی اختیار کر لیتے ہیں اُن کا وزن تیزی سے گھٹتا ہے۔

'سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی' ڈیلاس میں خوشگوار ازدواجی زندگی اور موٹاپے کے درمیان تعلق ظاہر کرنے کے حوالے سے ایک تحقیق ہوئی جس کے نتیجے میں، ایک شادی شدہ جوڑے کا آپس میں جتنا زیادہ پیار اور ذہنی ہم آہنگی بڑھے گی اتنا ہی ان کا وزن بھی بڑھتا جائے گا۔

اس سے قبل کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ شادی شدہ جوڑا اپنی صحت کا خیال رکھنا شروع کر دیتا ہے۔ لہذا، شادی ایک اچھی صحت کا سبب ہے۔ میلٹزر نے اس تحقیق سے اتفاق نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ تحقیق شادی شدہ جوڑوں کے بدلتے روئے کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ تحقیق کے نتیجے میں شادی کو صحت مندی کی علامت قرار دیا گیا تھا، جس میں وقت پر دوائیں لینا یا باقاعدگی سے ڈاکٹر سے جانچ کروانے کی عادت شامل ہے۔

حالیہ تحقیق جنرل ہیلتھ سائکلوجی میں شائع ہوئی ہے۔ اس تحقیق میں میلٹزر نے 169 نئے شادی شدہ جوڑوں کو شامل کیا، جنھیں 4 سال کی مدت میں ہر6 ماہ کے وقفے سےجانچا گیا۔ اس جانچ میں ان کا قد، وزن ازدواجی پریشانیوں، شریک حیات کی طرف ان کا رویہ اور اطمینان کی کیفیت کو اعداد کی مدد سے ناپا کیا گیا۔

اس تجزیہ سے معلوم ہوا کہ جوں جوں شادی شدہ جوڑوں کی ازدواجی زندگی میں اطمینان کا عنصر زیادہ ہوتا گیا، اُن کا وزن بھی بڑھتا گیا۔

میلٹزر کا کہنا ہے کہ ،اس چار سالہ تحقیق میں شادی اور موٹاپے کے تعلق کو ظاہر کرنے کی ابتدائی تصویرپیش کی گئی ہے۔ اگر انھی خوش و خرم جوڑوں کو 20،30 یا 40 برس تک جانچا جائےتو اس کا نتیجہ ان جوڑوں میں موٹاپے کی شکل میں ظاہر ہو گا ۔

انھوں نے کہا ''میرا خیال ہے کہ لوگوں میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ وزن کو قابو میں رکھنا صرف خوبصورت نظر آنے کے لیے ضروری ہے اور وہ اسے صحت کے حوالے سے اتنا ہم نہیں سمجھتے۔ شادی شدہ جوڑوں کو اپنا وزن خوبصورت نظر آنے کے لیے ہی نہیں بلکہ اچھی صحت حاصل کرنے کے لیے گھٹانا چاہیے۔ اس سوچ کے ساتھ مطمئین جوڑے اپنا اضافی وزن کم کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔'
XS
SM
MD
LG