رسائی کے لنکس

لندن: کثیر المنزلہ رہائشی عمارت میں آتش زدگی، چھ ہلاک


آگ بجھانے کی کارروائی میں لندن فائر بریگیڈ کی 40 گاڑیوں اور عملے کے 200 سے زیادہ ارکان نےحصہ لیا۔

لندن کے مرکزی علاقے میں ایک 24 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے ہیں۔

لندن فائر بریگیڈ کے مطابق مغربی لندن کے شمالی کنسنگٹن نامی علاقے میں واقع گرین فیل ٹاور میں آگ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لگی جس نے جلد ہی عمارت کی تمام منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام کے مطابق عمارت میں آگ رات لگ بھگ ایک بجے کے قریب اس وقت لگی تھی جب بیشتر رہائشی سو رہے تھے۔

حکام کے مطابق آگ لگنے سے کئی افراد عمارت میں پھنس گئے تھے جنہیں امدادی اہلکاروں نے وہاں سے نکالا۔ عینی شاہدین کے مطابق خود کو شعلوں سے بچانے کے لیے کئی افراد کے عمارت کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگانے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

لندن پولیس کے مطابق رہائشی عمارت سے اب تک چھ افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق آگ بجھانے والے عملے کے اہلکار اب تک عمارت کے چار بالائی منزلوں میں داخل نہیں ہوسکے ہیں۔

لندن کی شہری حکومت کے مطابق عمارت کی چار بالائی منزلوں پر 130 فلیٹس ہیں جہاں سیکڑوں افراد رہائش پذیر تھے۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ ان بالائی منزلوں سے کتنے افراد بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

لندن ایمبولینس سروس کے مطابق انہوں نے آگ سے متاثر ہونے والے 50 افراد کو پانچ مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ہے۔

آگ بجھانے کی کارروائی میں لندن فائر بریگیڈ کی 40 گاڑیوں اور عملے کے 200 سے زیادہ ارکان نےحصہ لیا جنہوں نے 10 گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پایا۔

لندن فائر بریگیڈ کے کمشنر ڈینی کاٹن نے جائے واقعہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے 29 سالہ کیریئر میں ایسی خوف ناک آگ نہیں دیکھی۔

حکام کے مطابق عمارت 43 سال پرانی ہے جس کی حال ہی میں تزئین و آرائش کی گئی تھی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کے باعث عمارت کے منہدم ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG