رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان، پاکستان سے احسن رضا پینل میں شامل


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ 2023 کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے 16 امپائرز اور چار میچ ریفری فرائض انجام دیں گے۔ تمام 16 امپائروں میں سے 12 کا تعلق آئی سی سی کے ایلیٹ پینل سے ہے جب کہ چار امپائر ایمرجنگ پینل سے تعلق رکھتے ہیں۔

ورلڈ کپ کے لیے میچ آفیشلز میں انگلینڈ سے چار، آسٹریلیا سے تین، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ سے دو دو امپائر شامل ہیں۔ پاکستان، بھارت، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ایک ایک امپائر ورلڈ کپ کے دوران فرائض انجام دیں گے۔

ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل امپائروں کی تفصیل کچھ اس طرح ہے؛ کرسٹوفر گیفنی( نیوزی لینڈ)، کمار دھرماسینا ( سری لنکا)، ماریئس اراسمس (جنوبی افریقہ)، مائیکل گف (انگلینڈ)، نیتن مینن (بھارت)، پال ریفل (آسٹریلیا)، رچرڈ النگ ورتھ (انگلینڈ)، رچرڈ کیٹلبرو (انگلینڈ)، روڈنی ٹکر( آسٹریلیا)، جوئل ولسن (ویسٹ انڈیز)، احسن رضا (پاکستان)اور ایدریان ہولڈاسٹوک (جنوبی افریقہ)۔

چار ایمرجنگ امپائروں میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ابنِ شاہد، آسٹریلیا کے پال ولس، انگلینڈ کے الیکس وارف اور نیوزی لینڈ کے کرس براؤن شامل ہیں۔

آئی سی سی کے 12 ایلیٹ امپائروں میں سے تین نے 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی فرائض انجام دیے تھے جن میں کمار دھرماسینا، ٹکر اور اراسمس شامل ہیں۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے علیم ڈار بھی گزشتہ ورلڈ کپ میں میچ آفیشلز میں شامل تھے تاہم رواں برس مارچ میں انہوں نے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

ورلڈ کپ کے لیے بھارت سے تعلق رکھنے والے جواگل سری ناتھ، ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن، نیوزی لینڈ کے جیف کرو اور زمبابوے کے ایڈی پیکروفٹ میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔

بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز پانچ اکتوبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا۔ اس میچ میں کمار دھرما سینا اور نیتن مینن فیلڈ امپائر ہوں گے جب کہ پال ولسن ٹی وی امپائر اور پے کروفٹ میچ ریفری ہوں گے۔

آئی سی سی کے سینئر مینیجر سین ایسے کا کہنا ہے کہ امپائر اور ریفریز پر مشتمل گروپ دنیا کے بہترین امپائروں پر مشتمل ہے اور امید ہے کہ یہ عالمی مقابلے میں اپنی بھرپور ذمے داری ادا کرے گا۔

فورم

XS
SM
MD
LG