افغانستان کی اعلی سطحی امن کونسل کے ایک رکن اسماعیل قاسم یار نے افغان طالبان کے وفد کے پاکستان کے دورے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
وائس آف امریکہ کی پشتو زبان کی سروس 'ڈیوا' سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، ان کے نام اقوام متحدہ کی 'بلیک لسٹ' پر درج ہیں۔
پاکستان کا دورہ کرنے والے لوگوں کے نام اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ پردرج ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس دورے کے متعلق نہیں بتایا گیا تھا اور ہمارے علم میں یہ بھی نہیں ہے کہ وہ یہ دورہ کرنے میں کیسے کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ امن مذاکرات کسی بھی طرح کے اثرورسوخ اور دباؤ سے آزاد ہوں اور وہ صرف افغانوں کے درمیان ہوں اور ان کی قیادت افغانستان کی حکومت کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن عمل کےسلسلے میں چار ملکی گروپ کے ساتھ جو دعدے کیے تھے، وہ انہیں پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔