برطانیہ کے علاقے ووڈ اسٹاک میں واقع بلینم پیلس سے سونے کا ٹوائلٹ چوری کرنے کے الزام میں چار افراد پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
اٹھارہ قیراط سونے کے ٹوائلٹ کی قیمت 5.95 ملین ڈالرز ہے جس کی پاکستانی روپے میں مالیت ایک ارب 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔
ٹوائلٹ ستمبر 2019 میں بلینم پیلس سے چوری ہوا تھا جو اطالوی آرٹسٹ موریزیو کاتلان کے ایک آرٹ ورک کا حصہ تھا جس کا عنوان 'امریکہ' تھا۔
ٹوائلٹ کو بلینم پیلس میں آرٹ کی نمائش میں رکھا گیا تھا۔
بلینم پیلس میں دوسری عالمی جنگ کے دور کے برطانوی رہنما ونسٹن چرچل کی پیدائش ہوئی تھی۔ 18ویں صدی کا یہ وسیع محل یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں بھی شامل ہے۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس نے پیر کو 35 سے 39 سال کی عمر کے چار افراد کے خلاف ٹوائلٹ چوری کرنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کے ہے۔
یاد رہے کہ 2019 جب ٹوائلٹ چوری ہوا تھا تو اس وقت سات افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ لیکن ان پر کوئی الزام نہیں عائد کیا گیا تھا جب کہ آرٹ ورک بھی اب تک نہ مل سکا۔
چوری سے قبل گولڈن ٹوائلٹ مکمل طور پر کام کر رہا تھا نمائش میں آنے والے اسے استعمال کرنے کے لیے تین منٹ کا وقت بک کرا سکتے تھے۔
پولیس نے کہا کہ چوں کہ ٹوائلٹ محل کے پلمبنگ سسٹم سے منسلک تھا اس لیے اسے نکالتے وقت 18ویں صدی کی عمارت کو 'نمایاں نقصان' پہنچا تھا۔
پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ چار مشتبہ افراد کو 28 نومبر کو آکسفورڈ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
فورم