رسائی کے لنکس

امریکی اور ترک وزرائے خارجہ کی غزہ پر بات چیت، ایردوان سے ملاقات نہیں ہوئی


 فامریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اور ان کےترک ہم منصب حقان فدان، فوٹو اے پی 6نومبر 2023
فامریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اور ان کےترک ہم منصب حقان فدان، فوٹو اے پی 6نومبر 2023

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے پیر کے روز انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب حقان فیدان سے ملاقات کی جس میں غزہ میں انسانی امداد کو وسعت دینے کی کوششوں اور اسرائیل اور عسکریت پسند فلسطینی گروپ حماس کے درمیان جنگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بات چیت کی گئی۔

بلنکن جنگ کے حوالے سے کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے خطے کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس تنازع کے سلسلے میں ترکی کی جانب سے اسرائیل اور امریکی پالیسی پر شدید تنقید سامنے آئی ہے،جسے ایجنسی فرانس پریس نے امریکہ کے حکمت عملی کے لحاظ سے انتہائی اہم مگر دشوار ترین پارٹنر سے تعبیر کیا ہے۔

بلنکن کا یہ دورہ، 7 اکتوبر کو اسرائیل پر عسکری گروپ حماس کے اس حملے میں 1400 سے زیادہ افراد کی ہلاکت کے بعد، شروع ہونے والی اسرائیل حماس جنگ میں سویلین جانوں کے ضیاع کو روکنے اور انسانی ہمدردی سے متعلق امداد کے غزہ میں جانے کے لیے راستہ کھولنے کی کوششوں پر مرکوز ہے۔

پیر کی اس بات چیت کے دوران انقرہ میں عوامی احتجاج بھی سامنے آیا اوربلنکن اور ان کے وفد کی واپسی کا مطالبہ کرنے والا مجمع میٹنگ کے مقام کے باہر جمع ہو گیا۔

ترکیہ کی پولیس نے سینکڑوں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا جنہوں نے اتوار کو بلنکن کی آمد سے چند گھنٹے قبل ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں امریکی افواج کی ایک ایئر بیس کی جانب مارچ کیا۔

ترکیہ میں فلسطینیوں کی حمایت میں ہو نے والے ایک مظاہرے کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نےواٹر کیننز استعمال کیں۔
ترکیہ میں فلسطینیوں کی حمایت میں ہو نے والے ایک مظاہرے کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نےواٹر کیننز استعمال کیں۔

اس ملاقات کے وقت صدر ایردوان نے ترکیہ کے دور دراز شمال مشرقی علاقے کے دورےکا پروگرام بنایا تھا ، جس کا بظاہر مقصد ، اے ایف پی کے مطابق، واشنگٹن کے اعلیٰ سفارت کار کو نظر انداز کرنا تھا۔

بلنکن نے انقرہ روانگی سے قبل ہوائی اڈے پر صحافیوں کو بتایا۔"ہم نے ضرورت مند لوگوں کے لیے انسانی امداد کو نمایاں طور پر بڑھانے کی کوششوں، تنازع کو خطے کے دیگر حصوں تک پھیلنے سے روکنے کی کوششوں اور اس بارے میں تبادلہ خیال کیا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے کسی پائیدار امن کے حالات پیدا کرنے کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں۔"

ایردوان نے اتوار کے روز کہا کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے حامی کے طور پر "ترکی کا فرض" ہے کہ تشدد کو فوری طور پر روکے۔

انہوں نے کہا کہ انقرہ علاقائی اتحادیوں کے ساتھ "پس پردہ کام کر رہا ہے" تاکہ غزہ میں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔

ترکی نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے رابطے منقطع کر دیے ہیں اور اسرائیل میں انقرہ کے سفیر کو احتجاجاً واپس بلا لیا ہے۔

حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں چار ہفتوں سے زائد عرصے سے جاری جنگ میں کم از کم دس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ آپریشن اسرائیل کی تاریخ کے مہلک ترین حملے میں عسکریت پسندوں کی جانب سے 1400 سے زائد افراد کی ہلاکت اور 240 سے زائد افراد کو یرغمال بنانے کے بعد شروع ہوا تھا۔

یہ رپورٹ رائٹرز اور اے ایف پی کی اطلاعات پر مبنی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG