دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ کمانے والی اسپورٹس شخصیات میں ایک مرتبہ پھر ارجنٹائن کے عالمی اسٹار فٹ بالر لیونل میسی سب پر بازی لے گئے ہیں۔
معروف امریکی جریدے 'فوربز' نے 2021 کے دوران سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 10 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں باسکٹ بال کھیلنے والے چار، فٹ بال کے تین کھلاڑی اور ٹینس، باکسنگ اور امریکی فٹ بال کھیلنے والے ایک ایک اسٹار کا نام شامل ہے۔
لیونل میسی نے ایک سال کے دوران 13 کروڑ ڈالر کمائے ۔ ان کی سالانہ آمدنی میں ساڑھے سات کروڑ ڈالر وہ تھے جو انہوں نے فٹ بال کھیل کر حاصل کیے جب کہ ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر اسپانسر شپ سے حاصل کیے۔
اس سے قبل فوربز نے 2019 میں بھی لیونل میسی کو سب سے زیادہ کمائی کرنےوالا کھلاڑی قرار دیا تھا۔
فوربز کی فہرست میں لیونل میسی کے حریف پرتگال کے فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو ساڑھے 11 کروڑ ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ برازیلین فٹ بالر نیمار ساڑھے نو کروڑ ڈالر سالانہ آمدنی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
باسکٹ بال کے امریکی کھلاڑی لیبرون جیمز فٹ بالر لیونل میسی کے بعد سب سے زیادہ معاوضہ کمانے والے کھلاڑی ہیں۔ لیبرون سمیت امریکہ کے تین باسکٹ بال کے اسٹار اس فہرست میں شامل ہیں۔ اسٹیفن کیوری پانچویں اور کیرون ڈیورنٹ چھٹے نمبر پر ہیں جن کی مجموعی آمدن نو کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔
ٹینس اسٹار راجر فیڈر نو کروڑ ڈالر کی سالانہ آمدنی کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں جب کہ معمولی فرق سے میکسیکو سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل باکسنگ اسٹار کنیلو الوریز آٹھویں نمبر پر ہیں۔
امریکن فٹ بالر ٹام بریڈی آٹھ کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے ساتھ نویں اور یونان سے تعلق رکھنے والے باسکٹ بالر گینس اینتیتو کونپو اس فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔