رسائی کے لنکس

میکسیکو: جیل میں منشیات فروش گروہوں کی لڑائی، 49 ہلاک


ٹوپو چیکو جیل کے باہر قیدیوں کے رشتہ دار اپنے پیاروں کے بارے میں خبر کے منتظر ہیں۔
ٹوپو چیکو جیل کے باہر قیدیوں کے رشتہ دار اپنے پیاروں کے بارے میں خبر کے منتظر ہیں۔

نووو لیون ریاست کے گورنر جیمی روڈریگیز نے کہا کہ ٹوپو چیکو جیل میں نصف شب کے بعد ’زیٹا 27‘ کہلانے والے سرغنہ کے حامیوں اور اس کے حریف گروہ کے درمیان لڑائی شروع ہوئی جس میں قیدیوں نے بوتلیں اور بلیڈ استعمال کیے۔

میکسیکو کے حکام نے کہا ہے کہ ملک کے شمال مشرقی شہر مونتیرے کی ایک جیل میں’ زیٹاز‘ نامی منشیات فروش گروہ اور اس کے حریفوں کے درمیان لڑائی میں 49 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ حالیہ برسوں میں ملک کی جیلوں میں ہونے والے فسادات کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے جہاں گنجائش سے زائد قیدی بند ہیں جبکہ کچھ جیلوں کو بہت حد تک منشیات فروش گروہ کنٹرول کرتے ہیں۔

نووو لیون ریاست کے گورنر جیمی روڈریگیز نے کہا کہ ٹوپو چیکو جیل میں نصف شب کے بعد ’زیٹا 27‘ کہلانے والے سرغنہ کے حامیوں اور اس کے حریف گروہ کے درمیان لڑائی شروع ہوئی جس میں قیدیوں نے بوتلیں اور بلیڈ استعمال کیے۔

’’ٹوپو چیکو ایک بہت پرانی جیل ہے۔ اس جیل میں سلامتی کی صورتحال مخدوش ہے۔‘‘ انہوں نے ملک کی جیلوں کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ ’’ٹائم بم‘‘ کی طرح پھٹ سکتا ہے۔

مونتیرے کے ایک نواحی قصبے کے میئر کے طور پر منشیات فروش گروہوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران روڈریگیز پر دو قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں۔ مونتیرے آبادی کے لحاظ سے ملک کا تیسرا بڑا شہر ہے اور یہاں میکسیکو کی کئی بڑی کمپنیاں قائم ہیں۔

2014 میں انسانی حقوق کی ایک رپورٹ میں ٹوپو چیکو کی انتظامیہ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ تشدد کے واقعات کو روکنے میں ناکام رہی۔ اس جیل میں زیٹاز کہلانے والے ایک گروہ کے ارکان قید ہیں جو انتہائی پر تشدد ہونے کے طور پر بدنام ہیں۔

حکام نے اس سے قبل 3,500 قیدیوں میں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 بتائی تھی۔

ایک قیدی گولی لگنے سے ہلاک ہوا جبکہ باقی چھریوں اور دیگر اشیا مثلاً بوتلوں اور کرسیوں کے وار سے ہلاک ہوئے۔ قیدیوں نے خوراک کے گودام میں بھی آگ لگائی۔

گورنر روڈریگیز کا کہنا تھا کہ اب تک 40 ہلاک شدگان کی شناخت کی جا چکی ہے۔ حکومت کی طرف سے بتائے گئے مرنے والوں کے 20 ناموں میں زیٹا 27 اور اس کے حریف الکریڈو کے نام شامل نہیں۔

روڈریگیز نے کہا کہ صبح ڈیڑھ بجے لڑائی پر قابو پا لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لڑائی میں عورتوں اور بچوں کو نقصان نہیں پہنچا۔

قیدیوں کے رشتہ دار جیل کے باہر جمع ہیں اور حکام سے اپنے پیاروں کے بارے میں مزید معلومات مانگ رہے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت ہوا ہے جب اگلے ہفتے پوپ فرانسس کا میکسیکو کی ایک اور جیل کا دورہ متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG