رسائی کے لنکس

میکسیکو: تابکار مواد چوری کرنے والے چھ مشتبہ افراد اسپتال میں زیر علاج


پولیس نے بدھ کو ٹرک ڈھونڈ لیا تھا لیکن مشتبہ افراد نے تابکار مواد پر لگی ’حفاظتی سیل‘ توڑ دی تھی جس سے اُنھیں تابکاری کا سامنا کرنا پڑا۔

میکسیکو میں ایک ٹرک پر لدے تابکار مواد چوری کرنے والے چھ مشتبہ افراد اسپتال میں پولیس کے پہرے میں زیر علاج ہیں۔

ان افراد میں یہ تابکاری کے اثرات کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

رواں ہفتے کے اوائل میں مبینہ طور پر ان افراد نے تابکار مادے سے لدے ایک ٹرک کو چوری کرنے کے بعد غائب کر دیا تھا، اُس ٹرک پر’ کوبالٹ- 60‘ نامی مواد لے جایا جارہا تھا۔ یہ مواد طبی مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے لیکن اس سے بم بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پولیس نے بدھ کو ٹرک ڈھونڈ لیا تھا لیکن مشتبہ افراد نے تابکار مواد پر لگی ’حفاظتی سیل‘ توڑ دی تھی جس سے اُنھیں تابکاری کا سامنا کرنا پڑا۔

میکسیکو کی حکومت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ چھ افراد ’’جو مشتبہ طور پر ٹرک چوری میں ملوث تھے وہ اب اسپتال میں ہیں۔‘‘

عہدیدار کے مطابق یہ افراد بدستور پولیس کی تحویل میں رہیں گے لیکن اُن کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق ان افراد کی عمریں 16 سے 38 سال کے درمیان ہیں اور اُنھیں علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG