میکسیکو میں امریکی سرحد کے قریب منشیات کے سمگلروں اور فوج کے درمیان مسلح جھڑپ میں کم از کم پچیس مشتبہ منشیات فروش ہلاک ہو گئے ہیں۔
میکسیکو کے محکمہ دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو ایک فوجی طیارے نے Ciudad Mier کے علاقے میں ایک عمارت کے باہر متعدد مسلح افراد کی موجودگی کی نشاندہی کی۔ زمینی فوجی دستے کے اس مقام پر پہنچنے پر مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی اور سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پچیس حملہ آور ہلاک کر دیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی تلاشی کے دوران ممکنہ طور پر اغواء کیے گئے تین افراد کور ہا بھی کروا لیا گیا ۔ فوجیوں نے وہاں سے 25 رائفلیں، چار گرنیڈ، چار ہزار سے زائد گولیاں اور 23 گاڑیاں بھی اپنے قبضے میں لیں ۔
میکسیکو کے شمال مشرقی علاقے میں رواں برس تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ 2006ء کے اواخر سے اب تک منشیات کے کاروبار سے متعلق پرتشدد واقعات میں اٹھائیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔