شمال مشرقی میکسیکو میں حکام کا کہناہے کہ غیر قانونی منشیات کے کاروبار میں ملوث دو حریف گروپوں کے درمیان مسلح لڑائی میں 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ لڑائی پیر کی صبح ریاست ٹمولی پس کے قصبے اباسولو میں ہوئی جو ٹیکساس کے شہر ہارلنگن کے جنوب میں 270 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔ ریاست ٹمولی پس کی حکومت کا کہناہے کہ وفاقی اور ریاستی سیکیورٹی فورسز قصبے میں امن و امان کی بحالی اور اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے تعینات کردی گئی ہیں۔
ٹمولی پس ریاست منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے گروہوں کے درمیان اسمگلنگ کے راستوں پر کنٹرول کے لیے خون ریز لڑائیوں کا میدان بن چکی ہے۔
پیر کے روزمیکسیکو کے وفاقی حکام نے جنوبی ریاست اوکسا کا میں منشیات کے ایک بڑے گروپ زیٹاس کے مبینہ لیڈر مراکو کیرمونا کو گرفتار کرلیا۔ حکام کا کہناہے کہ کیرمونا نے بتایا ہے کہ زیٹاس نے منشیات کے تین گروپوں کے ساتھ ایک دوسرے کے خلاف طاقت استعمال نہ کرنے کے معاہدے کررکھے ہیں۔
2006ء کے بعد سے ، جب سے میکسیکو کے صدر فلپ کالڈرن نے منشیات کے گروہوں کے خلاف فوجی کارروائی شروع کی ہے، اب تک 3400 سے زیادہ افراد مارے جاچکے ہیں۔