میکسیکو میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ اُن 20 مقامی سیاحوں کی تلاش کر رہے ہیں جنھیں ریاست جیریرو کے علاقے ایکاپلکو سے اغواء کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ سیاح جمعرات کو موریلیا شہر سے ایکاپلکو کی طرف سفر کر رہے تھے جب ایک مسلح گروپ نے انہیں اغواء کر لیا۔ اغواء کاروں کی شناخت اور مغویوں کی حالت کے بارے میں اب تک کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
جیریرو اُن کئی ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں میکسیکو کی حکومت نے پرتشدد واقعات کی روک تھام کے لیے ہزاروں کی تعداد میں فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ ان علاقوں میں جاری تشدد کا ذمہ دار منشیات کا کاروبار کرنے والے گروپوں کو ٹھہرایا جاتا ہے۔