حزب اللہ کے حملے میں سات معصوم شہری مارے گئے: اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں شمالی اسرائیل میں سات معصوم شہری مارے گئے ہیں۔ ان حملوں کو اسرائیل کی جانب سے لبنان میں فوجی کارروائی شروع ہونے کے بعد سب سے بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے اس خون ریز حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
تھائی لینڈ کی شمالی اسرائیل میں چار شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق
تھائی لینڈ کے وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ شمالی اسرائیل میں ایک راکٹ حملے میں تھائی لینڈ کے چار شہری مارے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی تھی کہ جمعرات کو حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے راکٹ حملے میں میتولا کے علاقے میں سات شہری مارے گئے تھے۔
جمعے کو ایک بیان میں تھائی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ امن کے راستے پر واپس آئیں تاکہ معصوم جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
خیال رہے کہ سات اکتوبر کو حما س کے اسرائیل پر حملے میں ہونے والی 1200 ہلاکتوں میں 46 تھائی شہری بھی شامل تھے جب کہ 30 تھائی شہریوں کو حماس کی جانب سے یرغمال بنا لیا گیا تھا جن میں سے چھ کے بارے میں گمان ہے کہ وہ اب بھی حماس کی تحویل میں ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں لگ بھگ 30 ہزار تھائی شہری موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر زرعی شعبے سے منسلک ہیں۔
اسرائیلی طیاروں کی جنوبی بیروت میں بمباری
اسرائیلی طیاروں نے جمعے کو جنوبی بیروت کے مختلف علاقوں میں بمباری کی ہے، اس سے قبل جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقوں کے رہائشیوں کو اںخلا کی وارننگ دی گئی تھی۔
اسرائیل فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے ان حملوں کے دوران حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب امریکہ کی جانب سے ایک بار پھر جنگ بندی کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
جمعرات کو ایک بیان میں امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا تھا کہ اسرائیل اور لبنان اقوامِ متحدہ کی قرارداد نمبر 1701 پر عمل درآمد کی طرف بڑھ رہے ہیں جو جنگ بندی کی بنیاد بن سکتی ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ پانچ نومبر کو امریکی صدارتی الیکشن سے قبل جنگ بندی کا امکان نظر نہیں آتا۔
اسرائیل کی لبنان میں کارروائیوں میں حالیہ پانچ ہفتوں کے دوران تیزی آئی ہے۔ لبنانی حکام کے مطابق اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں 2800 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
وسطی غزہ میں اسرائیل کی بمباری، 47 فلسطینی ہلاک
وسطی غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے 47 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جمعے کو دیر البلاح، نصیرات کیمپ اور الزاویدہ کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی اسرائیل میں جبالیا کے علاقے میں 'کئی مسلح دہشت گردوں' کی شناخت کی گئی اور 'درجنوں دہشت گردوں' کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔