رسائی کے لنکس

حزب اللہ کے متوقع سربراہ بھی شاید مارے گئے ہیں: اسرائیل کا دعویٰ

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کا اس وقت کوئی سربراہ نہیں ہے۔ حسن نصراللہ مارے جا چکے ہیں جب کہ اُن کے متبادل کے بارے میں بھی امکان یہی ہے کہ اُنہیں بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

11:05 8.10.2024

غزہ پر تازہ حملوں میں 21 افراد ہلاک

غزہ میں قائم الاقصیٰ شہدا اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ پیر کی شب اسرائیل کے حملے میں ہلاک ہونے والے 21 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں۔

طبی حکام نے مزید کہا کہ وسطی غزہ میں فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے اور پانچ خواتین شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق بوریج کے مہاجرین کیمپ میں دو فضائی حملے کیے گئے جس سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔

امدادی کارکنوں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد دفن ہو سکتے ہیں۔

11:02 8.10.2024

اسرائیل لڑائی جاری رکھے گا: بن یامین نیتن یاہو

اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل دشمنوں کے خلاف لڑائی جاری رکھنے گا۔

حماس کے اسرائیل پر حملے کو ایک برس مکمل ہونے پر سات اکتوبر کو جاری بیان میں بن یامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جب تک دشمن اسرائیل کے وجود اور اس کے امن کے لیے خطرہ ہے اسرائیل کی لڑائی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جب تک یرغمالی موجود ہیں اسرائیل جنگ جاری رکھے گا۔ اسرائیل ان کی بازیابی سے دستبردار نہیں ہو گا۔ ان کے بقول نہ ہی وہ شکست تسلیم کریں گے۔

واضح رہے کہ سات اکتوبر کے حملوں کے حوالے سے سرکاری تقریب میں وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو شریک نہیں ہوئے۔ ان کا اس تقریب میں ریکارڈ شدہ بیان نشر کیا گیا۔

10:58 8.10.2024

لبنان سے امریکہ کے 900 شہریوں کا انخلا

امریکہ کے محکمۂ خارجہ کے حکام نے کہا ہے کہ لبنان سے امریکہ کی شہریت یا گرین کارڈ رکھنے والے 900 افراد انخلا کر چکے ہیں۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کے فراہم کردہ طیاروں سے لبنان سے ستمبر کے آخر سے امریکی شہریوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔

محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پیر کو بھی 150 امریکی شہریوں نے لبنان سے انخلا کیا ہے۔ یہ افراد خصوصی طیارے سے ترکیہ کے شہر استنبول پہنچے ہیں۔

اسرائیل کی فوج اور لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان گزشتہ ماہ جنگ میں شدت آنے کے بعد امریکہ نے لگ بھگ آٹھ خصوصی طیاروں کا بندوبست کیا جو لبنان سے امریکہ کے شہریوں کا نکال چکے ہیں۔ ان میں سے سات طیاروں میں امریکہ ترکیہ گئے جب کہ ایک طیارہ جرمنی پہنچا۔

میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ لبنان اور امریکہ کی دوہری شہریت رکھنے والے لگ بھگ ساڑھے آٹھ ہزار افراد نے بیروت میں امریکی سفارت خانے سے انخلا کے لیے رابطہ کیا ہے۔

10:55 8.10.2024

امریکہ اور اسرائیل کے وزرائے دفاع کا رابطہ رہتا ہے: پینٹاگون

امریکہ کے محکمۂ دفاع (پینٹاگون) نے کہا ہے کہ امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن کا اسرائیلی ہم منصب یوو گلینٹ سے رابطہ رہتا ہے اور وہ صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کرتے رہتے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو میں پینٹاگون کے ترجمان پیٹ رائڈر کا مزید کہنا تھا کہ دونوں وزرائے دفاع کے رابطوں میں اسرائیل کے ممکنہ اقدامات زیرِ بحث آتے رہتے ہیں۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ یوو گلینٹ آئندہ ہفتے لائیڈ آسٹن سے پینٹاگون میں ملاقات کریں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG