حزب اللہ کو جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں میں واپس نہیں آنے دیں گے: اسرائیلی وزیرِ دفاع
اسرائیل کے وزیرِ دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ حزب اللہ کو سرحد کے قریبی علاقوں میں واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لبنان میں جاری کارروائی کے بعد اسرائیلی فوج کے انخلا کی صورت میں بھی شمالی اسرائیل سے ملحقہ علاقوں میں حزب اللہ کے دہشت گردوں کو واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یوو گیلنٹ نے جنوبی لبنان سے ملحقہ سرحدی علاقے کے مورچوں کا بھی دورہ کیا۔
امن فورس نے لبنان میں اپنے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی وضاحت طلب کرلی
لبنان میں تعینات اقوامِ متحدہ کی امن فورس نے اسرائیل سے اپنی تنصیبات پر حملوں کی وضاحت طلب کی ہے۔
امن فورس نے اسرائیل کی کارروائیوں کو ’سنگین تجاوز‘ قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں امن فورسز نے کہا ہے کہ ہم نے اسرائیلی فوج سے درخواست کی ہے کہ وہ ان خلاف ورزیوں پر وضاحت کرے۔
اس سے قبل امن فورسز نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز ٹینک کے گولوں سے اس کے ایک شیلٹر کا مرکزی گیٹ تباہ کردیا تھا اور زبردستی اس میں داخل ہوگئی تھی۔
شمالی غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اضافہ، ٹینکوں سے بمباری
اسرائیل کی فوج نے شمالی غزہ میں اپنے حملوں کی شدت بڑھا دی ہے اور اس کے ٹینک غزہ سٹی کے باہر پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے کئی علاقوں پر بمباری بھی کی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے شیخ رضوان کے علاقے پر بمباری کی ہے جس کی وجہ سے وہاں رہائش پذیر خاندانوں کو اپنے گھر چھوڑ کا نکلنا پڑا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق اسرائیل نے بیت ہنون، جبالیہ اور بیت لحیہ کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اپنے گھر خالی کرنے والے خاندانوں کے علاوہ کسی اور نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہے۔
شمالی غزہ میں اسرائیل نے گزشتہ نو روز سے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حماس کے زیرِ انتظام غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں 300 سے زائد فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔
اسرائیل کا جنوبی لبنان کے مزید 21 دیہات خالی کرنے کا حکم
اسرائیل کی فوج نے جنوبی لبنان میں مزید 21 دیہات خالی کرانے کا حکم جاری کردیا ہے۔
اسرائیل لبنان میں جاری اپنے حملوں میں شدت لا رہا ہے اور اس نے اس سے قبل بھی لبنان کے کئی علاقے خالی کرائے ہیں۔
تازہ ترین حکم میں جنوبی لبنان کے اوالی دریا سے ملحقہ 21 دیہات کو خالی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔