رسائی کے لنکس

بجٹ سے چند گھنٹے قبل مفتاح اسماعیل وزیرِ خزانہ بن گئے


مفتاح اسماعیل اس سے قبل وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے مشیر برائے اُمورِ خزانہ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

پاکستان کا وفاقی بجٹ جمعے کو پیش کیا جا رہا ہے اور اس سے محض چند گھنٹے قبل مفتاح اسماعیل نے بطور وفاقی وزیرِ خزانہ، محاصل اور اقتصادی اُمور حلف اٹھا لیا ہے۔

حلف برداری کی تقریب جمعے کو ایوانِ صدر میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین نے مفتاح اسماعیل سے حلف لیا۔ تقریب میں کابینہ کے اراکین، سیاسی کارکنوں اور اعلٰی حکام نے بھی شرکت کی۔

مفتاح اسماعیل اس سے قبل وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے مشیر برائے اُمورِ خزانہ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

اس سے قبل موجودہ حکومت کے گزشتہ پانچ بجٹ سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے پیش کیے تھے لیکن وہ گزشتہ سال اکتوبر سے علاج کی غرض سے برطانیہ میں مقیم ہیں جس کے باعث انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اپنے موجودہ دورِ حکومت میں چھٹا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے جب کہ حزبِ مخالف کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے میں محض چند ہفتے رہ گئے ہیں اُسے آئندہ پورے سال کا مالی بجٹ پیش کرنے کا کوئی حق نہیں۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر بجٹ پیش کیے نہیں جا سکتی اور اس نے حزبِ مخالف کی جماعتوں کی تنقید کو سیاسی حربے سے تعبیر کیا ہے۔

ایک روز قبل جمعرات کو پاکستان کی اقتصادی سروے کے اجرا کے موقع پر منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے کہا تھا کہ موجودہ مالی سال کے دوران 5.8 فی صد کی شرحِ نمو حاصل کی گئی جو اُن کے بقول گزشتہ 13 سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG