رسائی کے لنکس

الشفا اسپتال سے ملحق عمارت میں ایک اور یرغمالی کی لاش برآمد


 نومبر کی سولہ تاریخ کو اسرائیل میں یرغمال بنائے جانے والے افراد کی رہائی کے لئے مظاہرہ۔ فوٹو اے ایف پی
نومبر کی سولہ تاریخ کو اسرائیل میں یرغمال بنائے جانے والے افراد کی رہائی کے لئے مظاہرہ۔ فوٹو اے ایف پی

جمعہ کو اسرائیلی فوج نے اطلاع دی ہے کہ اسے ایک اور یرغمالی خاتون نوا مارسیانو کی لاش الشفا اسپتال سے ملحق ایک عمارت میں ملی ہے۔

نوا مارسیانو کو سات اکتوبر کو حماس کے عسکریت پسندوں نےاسرائیل کے قصبے سے اغوا کیا تھا۔

انیس سالہ نوا مارسیانو کی لاش ملنے کی اطلاع اسرائیلی فوج نے دی ہے جس میں ان کی موت کو حماس کی جانب سے ہلاکت قرار دیتے ہوئے خاندان سے تعزیت کی گئی ہے۔

سینکڑوں سوگواروں نے، جن میں بہت سے اسرائیلی پرچم اٹھائے ہوئے تھے، جمعہ کو مارسیانو کی آخری رسومات میں ان کے آبائی شہر مودیئن میں شرکت کی۔

کل جمعرات کوبھی اسرائیل کے ایک فوجی ترجمان نے بتایا تھا کہ اس نے حماس کے حملے کے دوران یرغمال بنائی گئی ایک اسرائیلی خاتون جوڈتھ ویس کی لاش غزہ میں الشفا ہسپتال کے قریب ایک عمارت سے برآمد کی ہے۔

65 سالہ جوڈتھ اپنے شوہر کے ساتھ۔
65 سالہ جوڈتھ اپنے شوہر کے ساتھ۔

جوڈتھ ویس سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے میں یرغمال بنائے گئے 240 کے قریب لوگوں میں شامل تھیں۔ پینسٹھ سالہ خاتون سرطان میں مبتلاتھیں اور ان کے شوہر سات اکتوبر کے حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی اثنا میں حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے افراد کی بازیابی کے لیے ان کے اہل خانہ تل ابیب سے یروشلم کی طرف مارچ کر رہے ہیں۔ مارچ کے شرکا کا ہفتے کی دوپہر تک یروشلم میں وزیرِ اعظم آفس تک پہنچنے کا امکان ہے۔

مارچ میں یرغمال بنائے گئے افراد کے اہل خانہ، دوست اور دیگر افراد شریک ہیں اور وہ نیتن یاہو حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ ان کے پیاروں کی واپسی کے لیے مزید اقدامات کرے۔

حماس نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے دوران دو سو سے زیادہ افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔

جنگ، جو اب اپنے چھٹے ہفتے میں ہے، جنوبی اسرائیل میں حماس کے 7 اکتوبر کے حملے سے شروع ہوئی، جس میں عسکریت پسندوں نے اسرائیلی حکام کے مطابق 1,200 سے زیادہ افراد کو ہلاک کیا، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے، اور تقریباً 240 مردوں، عورتوں اور بچوں کو اغوا کر لیا۔

غزہ میں حماس کے زیر انتظام محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اس جنگ میں اسرائیل کی اندھا دھند بمباری میں 11,400 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے دو تہائی خواتین اور بچے ہیں۔ مزید 2,700 کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے، جن کا خیال ہے کہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات ایسو سی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG