رسائی کے لنکس

سانحہ منیٰ، لواحقین کیلئے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان


انتقال کر جانے والوں کے لواحقین کے لئے فی کس 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے، زخمیوں کو فی کس 2 لاکھ روپے امداد دی جائے گی، جبکہ لواحقین کو سرکاری خرچ پر عمرے کے لئے سعودی عرب بھی بھیجا جائے گا

سعودی شہروں منیٰ اور مکہ میں دوران حج پیش آنے والے سانحات کے نتیجے میں انتقال کرجانے والوں کے لواحقین کے لئے فی کس 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے، زخمیوں کو فی کس 2لاکھ روپے امداد دی جائے گی جبکہ لواحقین کو سرکاری خرچ پر عمرے کے لئے سعودی عرب بھی بھیجا جائے گا۔

لواحقین کے لئے مالی امداد کا اعلان پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما، قومی اسمبلی کے رکن اور وزیراعظم کے قریبی رفیق، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کیا۔

پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سانحہ منیٰ کے نتیجے میں 40 پاکستانی شہریوں کا انتقال ہوا جبکہ 35 زخمی ہوئے ہیں۔ لواحقین کو تمام حالات اور صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا اورحکومت لواحقین سے ہر طرح کی معلومات شیئر کرے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سانحے میں انتقال کرجانے والوں کے لواحقین کو سرکاری خرچ پر عمرے کے لئے سعودی عرب بھیجا جائے گا۔

طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ منیٰ میں لاپتہ 228 پاکستانیوں کو ان کے عزیزوں سے ملوا دیا گیا ہے۔ تاہم، 63 پاکستانی اب بھی لاپتہ ہیں۔ حکومت ان کی خیریت کے لئے دن رات کوشاں ہے۔

XS
SM
MD
LG