رسائی کے لنکس

'ذوالفقار مرزا کی لندن روانگی پر ایم کیو ایم کو تشویش'


'ذوالفقار مرزا کی لندن روانگی پر ایم کیو ایم کو تشویش'
'ذوالفقار مرزا کی لندن روانگی پر ایم کیو ایم کو تشویش'

سندھ کے سابق وزیرِ داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا برطانیہ کے ایک ہفتہ طویل دورے پر لندن پہنچ گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ؤں کی دوڑیں لگ گئی ہیں۔

ایم کیو ایم کے ایک وفد نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیرِاعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جب کہ ایک دوسرا وفد کراچی میں سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید قائم علی شاہ سے ملا۔

اس سے قبل بدھ کی صبح متحدہ کے لندن میں مقیم قائد الطاف حسین نے حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ بھی کیا۔

متحدہ کی ان پھرتیوں کا سبب ڈاکٹر مرزا کا دورہ برطانیہ بنا ہے جس کے دوران وہ، خود اپنے بقول، برطانوی حکام کو ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم قائد الطاف حسین کے خلاف ثبوت پیش کریں گے۔

بدھ کو برطانیہ پہنچنے پر لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پاکستانی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کاکہنا تھا کہ وہ برطانہ کے 'ہاؤس آف لارڈز' کے اراکین سے ملاقات کرکے انہیں ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل سے متعلق اہم شواہد پیش کریں گے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر کو ان کے گھر کے نزدیک خنجروں کے پہ در پہ وار کرکے قتل کردیا گیا تھا اور برطانوی تحقیقاتی ادارہ 'اسکاٹ لینڈ یارڈ' ان کے قتل کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

ڈاکٹر مرزا اس سے قبل متحدہ کی قیادت پر ڈاکٹر عمران فارق کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے آئے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے کڑے ناقد کی حیثیت سے مشہور سندھ کے سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وہ اپنے دورے کے دوران برطانوی حکام کو بتائیں گے کہ لندن میں ان کی میزبانی سے فیضیاب ہونے والے پاکستان اور کراچی کا امن خراب کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

قبل ازیں منگل کی شب برطانیہ روانگی سے قبل کراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں ڈاکٹر مرزا نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اپنے ہمراہ ثبوتوں سے بھرے دو بریف کیس لے جارہے ہیں جو، ان کے بقول، 'اسکاٹ لینڈ یارڈ' کو تحقیقات میں مدد دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے لندن پہنچنے کے بعد ان لوگوں کی نیندیں حرام ہوجائیں گی جو ان کے بقول پاکستان اور کراچی کے امن کو آگ لگا کر وہاں سکھ کے سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کے لیے عوام سے دعاگو رہنے کی بھی اپیل کی تھی۔

ایک انگریزی اخبار ا'یکسپریس ٹربیون' نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے لندن پہنچنے کے بعد اسکاٹ لینڈ یارڈ سے رابطہ کرلیا ہے ۔

ادھرڈاکٹر مرزا کے برطانیہ پہنچنے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کی پاکستان میں موجود قیادت حرکت میں آگئی ہے اور پارٹی کے رہنماؤں نے بدھ کو اہم ملاقاتیں کی ہیں۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم سےتعلق رکھنے والے وفاقی وزیر بابر غوری نے کہا کہ ڈاکٹر مرزا کی لندن روانگی سے قبل کراچی کے ہوائی اڈے پر انہیں الوداع کہنے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن شامل تھے۔

بابر غوری نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے ہمراہ سندھ کے صوبائی وزیرِ اطلاعات شرجیل میمن کی برطانیہ میں موجودگی پر وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے اور اس سلسلے میں ان کی جماعت کا ایک وفد وزیراعظم سے بھی ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے وضاحت مانگی ہے کہ کیا وہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے ساتھ ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت جاننا چاہتی ہے کہ ایک ایسے شخص کے ساتھ جو ایم کیو ایم پر الزامات عائد کر رہا ہے ، شرجیل میمن کس حیثیت سے گئے۔

دریں اثنا ایم کیوایم کے رہنماؤں فیصل سبزواری اور رضا ہارون نے کراچی میں سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی اور انہیں شرجیل میمن کی ذولفقار مرزا کے ہمراہ لندن میں موجودگی پر اپنی جماعت کے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد فیصل سبزواری نے بتایا کہ وہ وزیرِاعلیٰ سندھ سے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات کرنے آئے تھے اور انہوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب لندن روانگی کے وقت ڈاکٹر مرزا کو کراچی ایئرپورٹ پر سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔ سبزواری، جو خود بھی صوبائی وزیر ہیں، نے کہا کہ وزرا کو بیرونِ ملک سفر کے لیے وزیرِاعلیٰ کی اجازت درکار ہوتی ہے لیکن وزیرِاعلیٰ سندھ شرجیل میمن کی برطانیہ روانگی سے لاعلم ہیں۔

واضح رہے کہ منگل کی شب ڈاکٹر مرزا کوکراچی ایئرپورٹ پر الوداع کہنے والوں میں صوبائی وزیرِاطلاعات کے علاوہ پارٹی کے دو اراکینِ سندھ اسمبلی امداد پتافی اور فیاض بھٹو بھی شامل تھے۔

بعد ازاں شرجیل میمن ڈاکٹر مرزا کے ہمراہ اسی پرواز کے ذریعے برطانیہ روانہ ہوگئے تھے اور بدھ کو لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر بھی ذوالفقار مرزا کے ہمراہ موجود تھے۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل 'جیو نیوز' نے خبر دی ہے کہ شرجیل میمن نے چینل کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدھ کی شب واپس کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ بعض اہم اعلانات کریں گے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر مرزا کی جانب سے اگست میں وزارت اور پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت ان کے ایم کیو ایم سےمتعلق موقف اورسرگرمیوں سے لاتعلقی ظاہر کرتی آئی ہے تاہم پیپلز پارٹی کے بعض صوبائی وزرا اور اراکینِ سندھ اسمبلی ذوالفقار مرزا کے ساتھ ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG