رسائی کے لنکس

ذوالفقار مرزانے اپنے بیان پرمعافی مانگ لی، حالات معمول پر آنےلگے


ذوالفقار مرزانے اپنے بیان پرمعافی مانگ لی، حالات معمول پر آنےلگے
ذوالفقار مرزانے اپنے بیان پرمعافی مانگ لی، حالات معمول پر آنےلگے

’ میراکل کا بیان ذاتی رائے تھا،یہ پارٹی پالیسی نہیں ہے۔ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معذرت خواہ ہوں۔ اگرچہ میرا مقصد کسی کی دل آزاری ہرگز نہیں تھا۔ اردو بولنے والے میرے بھائی ہیں اوررہیں گے‘

صوبہ سندھ کے سینئر وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے بدھ کی شب دیے جانے والے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے ۔ انہوں نے مختصر ویڈیو پیغام میں کہا کہ، ’ میراکل کا بیان ذاتی رائے تھا،یہ پارٹی پالیسی نہیں ہے۔ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معذرت خواہ ہوں۔ اگرچہ میرا مقصد کسی کی دل آزاری ہرگز نہیں تھا۔ اردو بولنے والے میرے بھائی ہیں اوررہیں گے۔‘

اس سے قبل کراچی سمیت سندھ میں سینئر وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزاکے بیان پر بطوررد عمل شروع ہونے والا پرتشدد احتجاج متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے امن کی اپیل کے بعد ختم ہوگیا جس کے بعد حالات معمول پرآنا شروع ہوگئے۔

کراچی سمیت تمام شہروں میں کاروبار زندگی دوبارہ شروع ہوگیا ۔ الطاف حسین کی اپیل پر کراچی کے تمام بازار اور دکانیں معمول کی طرح کھل گئیں۔سی این جی اسٹیشن، پیٹرول پمپس ، دکانیں اور دیگر مراکز میں تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی پوری طرح بحال ہوگیا۔

الطاف حسین کی جانب سے عوامی احتجاج ختم کرنے کی اپیل کا ہر سطح پر خیر مقدم کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے الطاف حسین کو بڑے دل کا مالک قرار دیا جبکہ سندھ اسمبلی کی قائم مقام اسپیکر شہلا رضا نے بھی اس اقدام پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG