رسائی کے لنکس

چوہدری شجاعت کراچی پہنچ گئے ، دورہ اہم ہے، سیاسی حلقے


چوہدری شجاعت کراچی پہنچ گئے ، دورہ اہم ہے، سیاسی حلقے
چوہدری شجاعت کراچی پہنچ گئے ، دورہ اہم ہے، سیاسی حلقے
مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین منگل کی رات اسلام آباد سے اچانک کراچی پہنچ گئے جہاں انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے دفتر کا دورہ کیا اور اہم رہنماوٴں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کراچی کے حالات پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں ۔ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کراچی آئیں اور مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں۔

ایک سوال پرچوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت بیرونی امداد پر نہیں چل رہی ، امریکی امداد بند ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا جبکہ اس سے قبل اسلام آباد سے کراچی آتے ہوئے ائیرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے ملک میں امن قائم کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں سیاستدانوں کو بیان بازی کے بجائے عملی اقدامات کرنے چاہیئے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ متحدہ کی حکومت سے علیحدگی کے بعد کسی اہم رہنما کا کراچی آکر متحدہ کا موقف سننا بہت اہمیت رکھتا ہے ۔ مسلم لیگ ق وفاق میں حکومت کی اتحادی جماعت ہے۔

متحدہ کے وفد سے ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین کو اورنگی ٹاوٴن میں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں اورنگی ٹاوٴن سے متعلق ایک ویڈیو فلم بھی دکھائی گئی جبکہ چوہدری شجاعت نے تمام صورتحال پر متحدہ کے رہنماوٴں سے تبادلہ خیال کیا۔

الطاف حسین کی برہمی
دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما الطاف حسین نے الزام لگایا ہے کہ حکومت ،قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف سازش کررہی ہے۔ لندن اور کراچی کی رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت قومی سلامتی کے اداروں کو کمزور کرنے کا مطلب پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے ۔

حالات ٹھیک کرنے کے لئے' الٰہ دین کی چھڑی'
تیسری جانب سندھ کے وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا ہے کہ کراچی کا امن تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے ہمارے پاس کوئی الٰہ دین کی' چھڑی 'نہیں ہے ۔

کراچی کو ہتھیاروں سے پاک کرنا ہوگا، شرمیلا فاروقی
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ خواتین ونگ کی سیکریٹری اطلاعات شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ کراچی کو ہتھیاروں سے پاک کرکے ہی پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے، اس مقصد کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ تمام سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں اور سول سوسائٹی کے اراکین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG