رسائی کے لنکس

حسن علی کی شادی اور مصباح الحق کی دو عہدوں پر تعیناتی؟


پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کی تربیت اور پریکٹس کے لیے لگائے جانے والے پری سیزن کیمپ کے آغاز میں اب صرف ایک دن رہ گیا ہے۔

تاہم کیمپ کے آغاز سے پہلے دو بڑی خبریں گردش میں ہیں اور میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی یہ خبریں نہایت شدومد سے زیر بحث ہیں۔

ایک ہے حسن علی کی رواں ماہ ہونے والی شادی اور دوسری مصباح الحق کی چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے عہدوں پر تعیناتی کی غیر مصدقہ اطلاعات۔

حسن علی کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں میں کہا جارہا ہے کہ انہیں نکاح کیلئے کیمپ سے چھٹی کی اجازت مل گئی ہے۔

حسن کا نکاح 20 اگست کو دبئی میں ہوگا یعنی کیمپ شروع ہونے کے ایک روز بعد۔

اسی لئے حسن علی کو سات دن کی چھٹی کی درخواست دینا پڑی۔ ان کی درخواست منظور کرلی گئی ہے جس کے بعد وہ 26 اگست کو پری سیزن کیمپ جوائن کریں گے۔

پری سیزن کیمپ کے ابتدائی دو دنوں میں فٹنس ٹیسٹ ہوں گے لیکن حسن علی کو چھٹیوں کے بعد فٹنس ٹیسٹ کے لیے بلایا جائے گا۔

دوسری جانب یہ خبریں بھی گردش میں ہیں کہ مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پیش کئے گئے نئے ماڈل کے تحت دونوں عہدوں کے مضبوط امیدوار ہیں تاہم پی سی بی اس حوالے سے فی الحال خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔

ان خبروں کو تقویت اس وقت ملی جب پی سی بی کی جانب سے 22 اگست سے 7 ستمبر تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے پری سیزن ٹریننگ کیمپ کے لیے مصباح الحق کو کمانڈنٹ مقرر کیا گیا۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اس کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب خود مصباح الحق نے کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق مصباح الحق کے لیے دوعہدوں پر تعیناتی کے لیے قابلیت ثابت کرنے کا یہ شاندار موقع ہاتھ آگیا ہے۔

XS
SM
MD
LG