انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو امید ہے کہ 9 سال بعد کرکٹ اولمپکس کا حصہ بن جائے گی اور 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ ہمیشہ کے لیے ان کھیلوں میں شامل کر لی جائے گی۔
ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین مائیک گیٹنگ نے آئی سی سی کے نئے چیف ایگزیکٹو منو سواہنے کے لارڈز میں ہونے والے خطاب کے بعد کہا کہ کرکٹ کو اولمپکس گیمز میں شامل کرنے کی تجویز پر کام جاری ہے۔
مائیک گیٹنگ کا کہنا تھا کہ نئے آئی سی سی چیف نے ایم سی سی کرکٹ کمیٹی کو مطلع کیا ہے کہ کرکٹ کو یقینی طور پر عالمی پلیٹ فارم تک رسائی حاصل ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ منو سواہنے کو اس تجویز پر عمل ہونے کی قوی امید ہے۔ اس اقدام سے کرکٹ کو ایک عالمی پلیٹ فارم تو ملے گا ہی ساتھ ساتھ کرکٹ کے لیے عالمی سطح کا ایک بونس ہوگا۔
مائیک گیٹنگ نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ اگلے کچھ دنوں میں کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کے حصے لینے سے متعلق بیان جاری ہوگا۔
علاوہ ازیں کرکٹ کمیٹی نے دس سال پہلے سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہونے حملے سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہونے کے بعد کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مائیک گیٹنگ کا کہنا تھا کہ کمیٹی پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنے طور پر جائزہ ٹیموں کو روانہ کرنے کی متمنی ہے، تاکہ پاکستان جا کر صورت حال کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس حوالے سے حتمی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان تفصیلات سے آگاہ کر چکے ہیں۔ مجھے یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ ایم سی سی نے ابھی تک وہاں کا کوئی دورہ کیوں نہیں رکھا اور اب تک وہاں میچز کے انعقاد کا جائزہ کیوں نہیں لیا۔