ملکہ حسن کا خطاب رکھنے والی تیئیس سالہ مس پنسلوانیا کینسر کا جھوٹا ڈرامہ کرنے اور مبینہ طور پر لوگوں سے ہزاروں ڈالر کی امدادی رقم وصول کرنے کے الزام میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
امریکی ریاست پنسلوانیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ موجودہ 'مس پنسلوانیا یو ایس انٹرنیشنل' کا خطاب رکھنے والی برینڈی لی ویور گیٹس نے اپنے خاندان، دوستوں اور چاہنے والوں سے اپنی کینسر کی جھوٹی کہانی سنا کر خاصی رقم بٹوری ہے۔
فاکس نیوز کے مطابق، مس پنسلوانیا نے اپنے خاندان اور دوستوں کو مبینہ طور اس بات کا یقین دلایا تھا کہ وہ 2013ء سے دائمی لیوکیمیا میں مبتلا ہیں۔
مس ویور گیٹس پر جعلی علاج کے لیے فنڈ ریزنگ کی تقریبات کرنے کا الزام ہے۔ انھوں نے اپریل میں بنگو فار برانڈی کی تقریب میں 14 ہزار ڈالر کی خطیر رقم جمع کی تھی۔
ان پر الزام ہے کہ وہ اپنے دوستوں اور خاندان والوں کو اپائنٹمنٹ کے روز اپنے ساتھ بالٹیمور میں جان ہاپکنز اسپتال لے جایا کرتی تھیں جہاں انتظار گاہ میں اس کے چاہنے والے آٹھ گھنٹے سے بھی زیادہ وقت تک اس کی واپسی کا انتظار کرتے تھے اور وہ اس دوران اسپتال سے کہیں اور چلی جایا کرتی تھی۔
ویور گیٹس نے اپنے فیس بک کے صفحے پر ایک تصویر پوسٹ کی تھی، جس میں وہ جراحی کے ماسک میں ہے، جبکہ ان کا سر منڈا ہوا ہے۔
ایک اخبار سے انٹرویو میں اس نے کہا تھا کہ میں جانتی ہوں کہ، بچوں کو کھونا والدین کے لیے ایک بدترین خوف ہے اور یہ ایک مشکل وقت ہے جس سے میرے والدین گزر رہے ہیں۔
مس پنسلوانیا کی جعلسازی اس وقت سامنے آئی، جب پنسلوانیا کی پولیس کو ایک گمنام خط موصول ہوا، جس نے اس کے جھوٹ کا پول کھول دیا خط لکھنے والے نے دعویٰ کیا تھا کہ مس ویور گیٹس کی بیماری جعلی ہے اور وہ اپنے کسی ڈاکٹر کا نام تک نہیں بتا سکتی ہے۔
ریاستی پولیس کے تفتیش کار ٹروپر تھامس اسٹاک نے بتایا کہ پولیس نے جب اسپتال سے رابطہ کیا جس کے بارے میں مس ویور گیٹس نے کہا تھا کہ وہ یہاں زیر علاج ہے، تو اسپتال کے ریکارڈ میں اس کے نام کا کہیں ذکر نہیں تھا اسپتال کا کہنا ہے کہ ویور گیٹس کبھی یہاں علاج کے لیے نہیں آئیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کے حربوں کی مدد سے ایک منصوبے کے تحت اپنے کینسر کے بارے میں لوگوں کو یقین دلانے کی کوشش کرتی تھی۔
ایک دوست نے ویور گیٹس کی دھوکہ دہی کے بارے میں سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ "میں خود بہت سی راتوں میں اس کے لیے اٹھ کر روئی ہوں، اس کے لیے میں نے ان گنت دعائیں کی ہیں اور ان گنت گھنٹے اسپتال کی انتظار گاہ میں اس کا انتطار کیا ہے، اسے علاج کے لیے رقم دی ہے لیکن اب صرف دکھ، غصہ اور نفرت بچی ہے اور فی الحال میرے پاس اپنے جذبات کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔"
بٹلر از بیوٹیز، جو مقابلہ حسن پنسلوانیا یو ایس انٹرنیشنل کا انعقاد کرتی ہے، نے کہا کہ اسے ویور گیٹس کے عمل نے سخت مایوس کیا ہے۔ تنظیم نےکہا کہ خوبصورتی کے نام پر دھوکہ دہی کا ارتکاب کرنے کے عمل کو بالکل برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے، ویور گیٹس سے مس پنسلوانیا کا خطاب چھین لیا گیا ہے اور کمپنی کو توقع ہے کہ جیل سے واپس آنے کے بعد وہ اپنا تاج اور اعزازات واپس کر دیں گی۔
ویور گیٹس نے پین اسٹیٹ یونیورسٹی سے گریجویٹ کیا ہے اور وہ معذوروں کے ایک فارم میں چیئر لیڈنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرتی ہیں اور اب وہ سینٹر کاؤنٹی جیل میں املاک کی چوری اور دھوکہ دہی کے الزام میں قید ہیں۔ انھیں اگلے ہفتے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔